بھارت

ممبئی میں 26/11 جیسے حملہ کی دھمکی

شہر کے پولیس کمشنر ویویک پھانسلکر نے کہا کہ میسیج جس فون نمبر سے آئے اس کا کوڈ پاکستانی ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پہلی نظر میں ایسا لگتا ہے کہ پاکستان کوڈ والے نمبر سے میسیج آئے ہیں جنہیں ہم نے سنجیدگی سے لیا ہے۔

ممبئی: ممبئی پولیس کی ٹریفک وِنگ کو اس کے ہیلپ لائن نمبر پر کئی ٹیکسٹ میسیج موصول ہوئے جن میں دھمکی دی گئی کہ 6  افراد شہر میں  ”26/11جیسا“ حملہ کریں گے اور شہر کو دھماکہ سے اڑادینے کی تیاریاں جاری ہیں۔ ایک عہدیدار نے ہفتہ کے دن یہ بات بتائی۔

 اس نے کہا کہ ممبئی ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن کے واٹس ایپ نمبر پر جمعہ کی رات تقریباً 11 بجے یہ میسیج موصول ہوئے۔ ہیلپ لائن ورلی میں واقع کنٹرول روم سے چلتی ہے۔ سلسلہ وار میسیج میں دھمکی دی گئی کہ ممبئی میں 26/11 جیسا حملہ ہوگا۔ سٹی پولیس کرائم برانچ نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

 شہر کے پولیس کمشنر ویویک پھانسلکر نے کہا کہ میسیج جس فون نمبر سے آئے اس کا کوڈ پاکستانی ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پہلی نظر میں ایسا لگتا ہے کہ پاکستان کوڈ والے نمبر سے میسیج آئے ہیں جنہیں ہم نے سنجیدگی سے لیا ہے۔ تین میسیج کی تحقیقات کے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔

 ہم نے ساحلی سیکوریٹی کو الرٹ کردیا ہے اور کوسٹ گارڈ کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔ آئی اے این ایس کے بموجب کمشنر نے کہا کہ ممبئی شہر والوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے ہم تمام زاویوں سے تحقیقات کررہے ہیں۔ کرائم برانچ یہ تحقیقات کررہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ واٹس ایپ چیاٹ میسیج میں ایک نمبر پاکستان کا لگتا ہے جبکہ دیگر 6 نمبر ہندوستانی ہیں اور تحقیقاتی ٹیمیں چھان بین میں جٹ گئی ہیں۔ انسدادِ دہشت گردی دستہ(اے ٹی ایس) کی بھی مدد لی جائے گی۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(این سی پی) کے قائد اجیت پوار نے سب سے پہلے ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ ریاستی حکومت کو اسے سنجیدگی سے لینا چاہئے اور تحقیقات کرانی چاہئیں۔

 یہ تازہ دھمکی ریاست میں 2 دن قبل ایک کشتی سے 3  اے کے 47 رائفل اور اسلحہ و گولہ بارود کی ضبطی کے بعد آئی ہے۔ یہ کشتی ساحل رائے گڑھ کی طرف آگئی تھی اور ہری ہریشور بیچ میں پھنس گئی تھی۔