بھارت

مودی حکومت ملک کی سب سے بدعنوان حکومت: کیجریوال

مودی کا نام لئے بغیر ان پر حملہ کرتے ہوئے، کیجریوال نے کہا کہ لال قلعہ کی فصیل سے وہ بدعنوانی کے خلاف لڑائی کی بات کرتے ہیں لیکن بی جے پی، عام آدمی پارٹی کے ایم ایل یز کو خریدنے کی کوشش کرتی ہے۔ کیا یہ بدعنوانی کے خلاف لڑائی ہے؟

نئی دہلی: دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے آج کہا کہ مرکز کی مودی حکومت آزادی کے بعد سے ملک کی سب سے بدعنوان حکومت ہے۔ انہوں نے دہلی اسمبلی میں تحریک اعتماد پیش کی تاکہ یہ ثابت کیا جا سکے کہ انہیں اسمبلی میں مکمل اکثریت حاصل ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی کا نام لئے بغیر ان پر حملہ کرتے ہوئے، عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے رہنما نے ایوان میں کہا کہ لال قلعہ کی فصیل سے وہ بدعنوانی کے خلاف لڑائی کی بات کرتے ہیں لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) عام آدمی پارٹی کے ایم ایل یز کو خریدنے کی کوشش کرتی ہے۔ کیا یہ بدعنوانی کے خلاف لڑائی ہے؟

کیجریوال نے مرکز کی موجودہ حکومت پر ملک کی آزادی کے بعد سب سے بدعنوان حکومت ہونے کا الزام لگایا۔ یہ ثابت کرنے کے لیے کہ دہلی میں بی جے پی کا ‘آپریشن لوٹس’ ناکام ہو گیا ہے، میں اعتماد کی تحریک پیش کر رہا ہوں۔ عام آدمی پارٹی کے ایم ایل ایز میں سے ہر ایک کو 20 کروڑ روپے کی پیشکش کے باوجود، بی جے پی ہمارے ایک بھی ایم ایل اے کو نہیں خرید سکی۔

کیجریوال نے کہا کہ پورے ملک کے لوگ مہنگائی سے پریشان ہیں، لیکن بی جے پی تمام ضروری چیزوں پر ٹیکس بڑھا رہی ہے۔ دودھ، دہی، آٹا اور چھاچھ اور دیگر خوردنی اشیا پر ٹیکس لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں نوراتری کے دوران کئے جانے والے گربا ڈانس پر ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ دہلی نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے مہاراشٹرا، کرناٹک، مدھیہ پردیش، گوا اور دیگر ریاستوں کی حکومتوں کو گرا دیا، اب جھارکھنڈ حکومت گرنے کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کے عوام پر ٹیکس لگا رہی ہے اور اس رقم کا استعمال دوسری پارٹیوں کی حکومتوں کو گرانے کے لیے کر رہی ہے، اس لیے اگر ایندھن کی قیمت بڑھ جاتی ہے تو سمجھ لینا چاہیے کہ کچھ ریاستی حکومتیں گرنے والی ہیں۔