بھارت

پی ایف آئی کے 106 ارکان گرفتار‘ دہشت گردی میں مدد کا الزام(تفصیلی خبر)

سب سے زیادہ گرفتاریاں کیرالا میں (22) کی گئی ہیں۔ دوسرے نمبر پر مہاراشٹرا اور کرناٹک ہیں جہاں سے 20,20 افراد کو گرفتار کیا گیا‘ ٹاملناڈو میں 10‘ آسام میں 9‘ اترپردیش میں 8‘ آندھراپردیش میں 5‘ مدھیہ پردیش میں 4‘ پڈوچیری اور دہلی میں 3,3 اور راجستھان میں 2 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

نئی دہلی: ملک کے طول و عرض میں قومی تحقیقاتی ایجنسی کی زیرقیادت کئی ایجنسیوں پر مشتمل تقریباً بہ یک وقت کئے گئے دھاوؤں کے دوران 11 ریاستوں میں پاپلر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کے 106 کارکنوں کو ملک میں مبینہ طورپر دہشت گردانہ سرگرمیوں میں مدد کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

سب سے زیادہ گرفتاریاں کیرالا میں (22) کی گئی ہیں۔ دوسرے نمبر پر مہاراشٹرا اور کرناٹک ہیں جہاں سے 20,20 افراد کو گرفتار کیا گیا‘ ٹاملناڈو میں 10‘ آسام میں 9‘ اترپردیش میں 8‘ آندھراپردیش میں 5‘ مدھیہ پردیش میں 4‘ پڈوچیری اور دہلی میں 3,3 اور راجستھان میں 2 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

عہدیداروں کے مطابق یہ گرفتاریاں ان دھاوؤں کے دوران عمل میں لائی گئی ہیں جنہیں ”آج تک کی سب سے بڑی تحقیقاتی کارروائی“ قراردیا گیا ہے۔ گرفتار شدہ کارکنوں کی تفصیلات فوری طورپر دستیاب نہیں ہوسکیں تاہم عہدیداروں نے بتایا کہ اب تک 11 ریاستوں میں قومی تحقیقاتی ایجنسی(این آئی اے‘ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) اور پولیس فورسس نے گرفتاریاں عمل میں لائی ہیں۔

عہدیداروں نے بتایا کہ دہشت گردی فنڈنگ ٹریننگ کیمپس کے انعقاد اور ممنوعہ تنظیموں میں شمولیت کے لئے لوگوں کو انتہاپسند بنانے پر یہ دھاوے کئے گئے۔ پی ایف آئی جس کا 2006 میں قیام عمل میں آیا تھا‘ایک نئی سماجی تحریک کے لئے جدوجہد کرنے کا وعدہ کرتی ہے تاکہ ہندوستان کے پسماندہ طبقات کو بااختیار بنایا جاسکے۔

بہرحال اس پر نفاذ قانون ایجنسیوں نے ریاڈیکل اسلام کو فروغ دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ پی ایف آئی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ دھاوے پی ایف آئی کے قومی‘ ریاستی اور مقامی قائدین کے مکانات پر کئے جارہے ہیں۔اسٹیٹ کمیٹی کے دفتر پر بھی دھاوا کیا گیا ہے۔ پی ایف آئی نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم اختلافی آوازوں کو خاموش کرنے فسطائی حکومت کی جانب سے ایجنسیوں کے استعمال کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہیں۔

مہاراشٹرا انسداد ِ دہشت گردی اسکواڈ نے آج دھاوے کرتے ہوئے 20 پی ایف آئی کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔یواین آئی کے بموجب ٹیرر فنڈنگ کے بعد ٹریننگ کیمپ چلانے کے معاملہ میں این آئی اے کے ذریعہ ملک گیر پیمانہ پر جاری کریک ڈاؤن کے درمیان اترپردیش میں انسداد دہشت گردی دستہ (اے ٹی ایس)اور اسپیشل ٹاسک فورس(ایس ٹی ایف) نے جمعرات کو ریاست میں پاپلر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی)سے وابستہ متعدد مقامات پر دھاوے کئے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ جانچ ایجنسیوں کی ان دھاوؤں میں ریاستی دارالحکومت لکھنوسمیت دیگر مقامات سے 8مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔چھاپے ماری کا آغازچہارشنبہ کی دیر رات ہوا جو ابھی تک جاری ہے اور جنہیں حراست میں لیا گیا ہے ان سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ افراد سے پوچھ تاچھ کے درمیان سامنے آئے حقائق کی بنیاد پر چھاپے ماری کو بڑھایا بھی جاسکتا ہے۔

2 افراد کو لکھنوسے حراست میں لیا گیا ہے جس میں سے اندرانگر کالونی سے ایک درزی بھی شامل ہے۔رپورٹس کے مطابق اس چھاپے ماری میں 2 افراد کو وارانسی سے‘ ایک کو بہرائچ سے اور 2 افراد کو بارہ بنکی سے حراست میں لیا گیا ہے۔اسی طرح کی کارروائی ریاست کے دیگر حصوں میں ابھی بھی جاری ہے۔ملحوظ رہے کہ اس ضمن میں ابھی تک پولیس کی جانب سے کوئی بھی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔