بھارت

سونیا گاندھی کی سالگرہ، کانگریس لیڈروں نے دی مبارکباد

وہ کانگریس کی سب سے طویل عرصے تک صدر رہنے والی پارٹی لیڈر ہیں۔ حال ہی میں اندرون پارٹی انتخابات کے ذریعہ ملکارجن کھرگے کو کانگریس کا صدر منتخب کیا گیا۔

نئی دہلی: کانگریس قائدین نے سونیا گاندھی کو سالگرہ کی مبارکباد دی جو آج 76 برس کی ہوگئیں۔

وہ کانگریس کی سب سے طویل عرصے تک صدر رہنے والی پارٹی لیڈر ہیں۔ حال ہی میں اندرون پارٹی انتخابات کے ذریعہ ملکارجن کھرگے کو کانگریس کا صدر منتخب کیا گیا۔

ملکارجن کھرگے نے ایک ٹویٹ کرکے سونیا گاندھی کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے لکھا کہ سی پی پی کی چیئرپرسن، محترمہ سونیا گاندھی کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ سونیا گاندھی جی کی لگن، ناقابل تسخیر جذبے اور مشکلات کے دوران ان کے صبر وتحمل اور وقار نے لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا ہے۔ میں ان کی لمبی اور صحت مند زندگی کی خواہش کرتا ہوں۔

پارٹی کے جنرل سکریٹری رندیپ سنگھ سرجے والا نے ٹویٹ کرکے لکھا کہ رحم، قربانی، لگن اور ہمت کی علامت۔ قوم اور پارٹی کے ساتھ انمٹ وابستگی رکھنے والی لیڈر۔ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن محترمہ سونیا گاندھی جی کو سالگرہ کی بہت بہت مبارکباد۔

ملک کے مختلف مقامات پر کانگریس لیڈرس اور ورکرس نے سونیا گاندھی کی سالگرہ منائی اور کیک کاٹا۔ سونیا گاندھی کو اپوزیشن پارٹیوں کے مختلف قائدین کی جانب سے بھی سالگرہ کی مبارکباد پیش کی گئی۔