حیدرآباد

بی جے پی طلبا تنظیم اے بی وی پی کے کارکنوں نے معمولی بات پر سیکوریٹی گارڈ کی پٹائی کردی، کالج میں غنڈہ گردی اور توڑ پھوڑ (ویڈیوز دیکھیں)

اے بی وی پی کارکنوں کے گروپ میں جس میں ایک لڑکی بھی شامل ہے، لات مار پارٹیشن کا شیشہ توڑ ڈالا اور لیب میں گھس کر وہ اور اس کے ساتھیوں نے کمپیوٹرس اور فرنیچر کو توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا۔

حیدرآباد: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی طلبا تنظیم اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) کے کارکنوں کے ایک گروپ نے شہر حیدرآباد کے مضافات میں واقع ایک خانگی انجینئرنگ کالج میں گھس کر اس کے عملے پر حملہ کردیا اور سیکورٹی گارڈ کے ساتھ جھگڑا کرکے اس کی پٹائی کی اور اس کے بعد کالج کی املاک کو زبردست توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا۔

متعلقہ خبریں
جے این یو اسٹوڈنٹس یونین کے انتخابات، دلت طالب علم دھننجے کی شاندار کامیابی، اے بی وی پی کو شکست

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اے بی وی پی کارکنوں کے گروپ میں جس میں ایک لڑکی بھی شامل ہے، کس طرح لات مار پارٹیشن کا شیشہ توڑ رہی ہے اور لیب میں گھس کر وہ اور اس کے ساتھی کس طرح کمپیوٹرس اور فرنیچر کو توڑ پھوڑ کا نشانہ بنارہے ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ حیدرآباد کے مضافات میں واقع خانگی سری ندھی انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کالج میں اے بی وی پی ممبران کے ایک گروپ نے پہلے ایک چھوٹی سی بات پر سیکورٹی گارڈ کی پٹائی کردی جس پر کالج نے ان طلبا کے خلاف کارروائی کی تھی۔

اپنے ساتھی اے بی وی پی طلبا کارکنوں کے خلاف کالج انتظامیہ کی کارروائی پر برہم ہو کر تنظیم کے ممبران کالج میں گھس پڑے اور احتجاج کرتے ہوئے نہ صرف کالج کے دیگر ارکان عملہ کے ساتھ بدتمیزی اور دھکم پیل کی بلکہ کالج کی املاک کو توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا۔

پولیس نے اے بی وی پی کے 14 کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔ انہیں عدالت میں پیش کیا گیا جس پر انہیں عدالتی حراست میں جیل بھیج دیا گیا ہے۔