بھارت

لیفٹیننٹ جنرل انیل چوہان (ریٹائرڈ) نئے چیف آف ڈیفنس اسٹاف

لیفٹیننٹ جنرل چوہان (61سالہ) مئی 2021 میں ایسٹرن کمانڈ کے سربراہ کے طور پر ریٹائر ہوئے تھے اور قومی سلامتی کونسل میں ملٹری ایڈوائزر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

نئی دہلی: ہیلی کاپٹر حادثے میں جنرل بپن راوت کی موت کے نو ماہ بعد، حکومت نے آج لیفٹیننٹ جنرل انیل چوہان (ریٹائرڈ) کو نیا چیف آف ڈیفنس اسٹاف مقرر کیا ہے۔ وہ ملک کے اعلیٰ ترین فوجی افسر اور دنیا کی بڑی مسلح افواج میں سے ایک فوج کے رہنما ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل چوہان (61سالہ) مئی 2021 میں ایسٹرن کمانڈ کے سربراہ کے طور پر ریٹائر ہوئے تھے اور قومی سلامتی کونسل میں ملٹری ایڈوائزر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

تقریباً 40 سال پر محیط اپنے کیریئر میں انہوں نے کئی عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ بالخصوص جموں و کشمیر اور شمال مشرق میں انسداد شورش کی کارروائیوں کا وہ وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

چونکہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ریٹائرڈ افسر کو اس عہدے پر تعینات کیا گیا ہے، تو حکومت نے ان کے تقرر کے لئے قواعد میں تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے ایک گزٹ نوٹیفکیشن کی اجرائی عمل میں لائی۔

وہ 18 مئی 1961 کو پیدا ہوئے۔ لیفٹیننٹ جنرل انیل چوہان کو 1981 میں ہندوستانی فوج کی 11 گورکھا رائفلز میں کمیشن ملا تھا۔

وہ نیشنل ڈیفنس اکیڈمی، کھڑکواسلا اور انڈین ملٹری اکیڈمی، دہرادون کے سابق طالب علم ہیں۔

ایک میجر جنرل کے طور پر انہوں نے شمالی کمان کے بارہمولہ سیکٹر میں ایک انفنٹری ڈویژن کی کمانڈ سنبھالی تھی۔

بعد میں لیفٹیننٹ جنرل کے طور پر، انہوں نے شمال مشرق میں ایک کور کی کمان کی اور ستمبر 2019 میں مشرقی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ انچیف بن گئے اور مئی 2021 میں سروس سے ریٹائر ہونے تک اس عہدہ پر فائز رہے۔