بھارت

وزیر اعظم مودی کی ٹوکیو میں جاپانی ہم منصب فومیو کشیدا سے ملاقات

جاپان کے آنجہانی لیڈر شنزو آبے کی آخری سرکاری رسومات میں شرکت کرنے وزیر اعظم نریندر مودی جو ٹوکیو کا ایک روزہ دورہ کررہے ہیں، آج اپنے جاپانی ہم منصب فومیو کشیدا سے ملاقات کی۔

نئی دہلی: جاپان کے آنجہانی لیڈر شنزو آبے کی آخری سرکاری رسومات میں شرکت کرنے وزیر اعظم نریندر مودی جو ٹوکیو کا ایک روزہ دورہ کررہے ہیں، آج اپنے جاپانی ہم منصب فومیو کشیدا سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد مودی نے اپنے ٹوئٹر پیامات میں کہا کہ وزیر اعظم کشیدا کے ساتھ ملاقات ثمر آوری رہی۔ مختلف باہمی موضوعات پر بات چیت کی گئی۔

سابق وزیر اعظم شنزو آبے کی افسوسناک موت پر انہوں نے تعزیت پیش کی۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم مودی نے ہند۔ جاپان شراکت داری کو مستحکم کرنے کے علاوہ آزاد اور کھلے مشمولاتی ہند بحر الکاہل علاقہ پر بھی بات چیت کی۔

وزارتِ خارجہ کی جانب سے آج جاری کردہ بیان میں یہ بات بتائی گئی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ مودی اور کشیدا نے کئی علاقائی اور عالمی مسائل اور ہند۔ جاپان خصوصی حکمت ِ عملی کو مزید مستحکم کرنے دونوں ملکوں کے عہد کا احیاء کرنے علاقہ میں مل جل کر کام کرنے کے علاوہ مختلف بین الاقوامی گروپس اور اداروں میں آپسی میل جول کے ساتھ کام کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔

وسطی ٹوکیو کے علاقہ نپون بڈوکان میں سرکاری اعزازات کے ساتھ شنزو آبے کی آخری رسومات میں شرکت کرنے ساری دنیا سے آنے والے ہزاروں اہم شخصیتوں میں مودی شامل تھے۔ 67 سالہ آبے 8 جولائی کو جب ٹوکیو کے مقام نارا پر ایک انتخابی ریالی کو مخاطب کررہے تھے ان کا قتل کیا گیا۔