بھارت

کانگریس کے تاریخی صدارتی الیکشن کی تیاریاں

کانگریس صدر کے عہدہ کیلئے الیکشن لگ بھگ یقینی ہے۔ آزادی کے بعد سے چوتھی مرتبہ یہ طئے کرنے کے لئے پولنگ ہوگی کہ پارٹی کی صدارت کون کرے گا۔

نئی دہلی: کانگریس صدر کے عہدہ کیلئے الیکشن لگ بھگ یقینی ہے۔ آزادی کے بعد سے چوتھی مرتبہ یہ طئے کرنے کے لئے پولنگ ہوگی کہ پارٹی کی صدارت کون کرے گا۔

سونیاگاندھی‘ راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی وڈرا طئے کرچکے ہیں کہ وہ الیکشن نہیں لڑیں گے۔ زائداز24 سال بعد کوئی غیرگاندھی پارٹی کی کمان سنبھالے گا۔

صدارتی عہدہ کیلئے چیف منسٹرراجستھان اشوک گہلوٹ کا ششی تھرور سے مقابلہ متوقع ہے۔ کانگریس نے زوردے کرکہا ہے کہ اس کی داخلی جمہوریت کاکسی اور پارٹی سے کوئی موازنہ نہیں۔ کانگریس واحد جماعت ہے جس کے پاس تنظیمی انتخابات کیلئے سنٹرل الیکشن اتھاریٹی ہے۔

اس بار الیکشن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری انچارج کمیونکیشن جئے رام رمیش نے کہا کہ میں اتفاق رائے کے کامراج ماڈل کا قائل ہوں لیکن الیکشن لازمی ہوجائے تو پھر اس عمل کا اعلان ہوچکا ہے۔

ہم واحد سیاسی جماعت ہیں جس کے پاس یہ عمل موجود ہے۔ الیکشن ضروری ہوا تو 17 اکتوبر کو ہوگا۔ انہوں نے 1950 ء کے الیکشن کی یاددہانی کراتے ہوئے کہا کہ اس وقت وزیراعظم جواہرلال نہرو کے امیدوار آچاریہ کرپلانی کو پرشوتم داس ٹنڈن کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ آزادی سے قبل 1939ء میں کانگریس کی صدارت کیلئے مہاتماگاندھی کے امیدوار پی سیتارامیا کو نیتاجی سبھاش چندربوس نے ہرایاتھا۔

ہمیں پتہ ہے اس بار2امیدوار ہوسکتے ہیں۔ 17اکتوبر کو الیکشن ہوسکتا ہے۔ انہوں نے زوردے کرکہا کہ ہندوستانی سیاست کو کانگریس نے جو سب سے بڑی چیزدی ہے وہ اتفاق رائے کا آئیڈیا ہے۔47برس بعد1997ء میں کانگریس صدارت کا دوسرا الیکشن ہوا تھا۔

سیتارام کیسری سہ رخی مقابلہ میں فاتح رہے تھے۔ دیگر 2امیدوار شردپوار اور راجیش پائلٹ تھے۔ سال2000 میں تیسرے مقابلہ میں سونیاگاندھی نے جتیندرپرساد کو ہرایاتھا۔ سونیاگاندھی کو 7400 اور جتیندرپرساد کو صرف94 ووٹ ملے تھے۔

اس بار کا الیکشن یقیناً تاریخی ہوگا کیونکہ نیاصدرسونیاگاندھی کی جگہ لے گا جو1998 سے طویل عرصہ سے پارٹی سربراہ ہیں۔ 2017ء اور2019 کے درمیان صرف 2سال راہول گاندھی پارٹی صدر رہے تھے۔ 24 سال بعد پہلا غیرکانگریسی صدر بننے جارہا ہے۔ آزادی کے بعد سے کانگریس کے 16 صدر رہے ہیں جن میں 5کا تعلق گاندھی خاندان سے تھا۔