بھارت

پی ایف آئی کے خلاف 8 ریاستوں میں چھاپے‘ 247 گرفتار (تفصیلی خبر)

پاپلر فرنٹ آف انڈیا(پی ایف آئی) کے خلاف این آئی اے اور ای ڈی کے ملک گیر چھاپوں میں 100 گرفتاریوں کے بعد منگل کے دن اس تنظیم کے خلاف دوسری ملک گیر کارروائی ہوئی۔

نئی دہلی۔ : پاپلر فرنٹ آف انڈیا(پی ایف آئی) کے خلاف این آئی اے اور ای ڈی کے ملک گیر چھاپوں میں 100 گرفتاریوں کے بعد منگل کے دن اس تنظیم کے خلاف دوسری ملک گیر کارروائی ہوئی۔ 247 افراد گرفتار کئے گئے۔

تحقیقاتی ایجنسیوں نے مدھیہ پردیش‘ کرناٹک‘آسام‘ دہلی‘ مہاراشٹرا‘ تلنگانہ اور اترپردیش میں دھاوے کئے۔ دہلی پولیس اسپیشل سل نے روہنی‘ نظام الدین‘ جامعہ‘ شاہین باغ اور وسطی دہلی میں چھاپے مارے۔ قومی دارالحکومت سے 30 گرفتاریاں ہوئیں۔

رات دیر گئے آپریشن میں تھانے کرائم برانچ نے مضافاتی علاقہ ممبرا سے پی ایف آئی کے 4 کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔آئی اے این ایس کے بموجب آسام میں کم ازکم 25 پی ایف آئی قائدین کو صبح ریاستی پولیس نے دھردبوچا۔ مہاراشٹرا میں پی ایف آئی کے 27 ارکان کی گرفتاری عمل میں آئی۔

ان میں ضلع صدور‘ معتمدین‘ خازن اور دیگر شامل ہیں۔ اورنگ آباد‘ جالنہ اور پربھنی میں چھاپے مارے گئے۔ مدھیہ پردیش اے ٹی ایس نے 8 اضلاع سے 21 پی ایف آئی ارکان کو حراست میں لیا۔ بھوپال‘ اندور اور اُجین جیسے بڑے شہروں کے بشمول 8 اضلاع میں چھاپے مارے گئے۔

کرناٹک کے اضلاع شیواموگہ‘ بیدر‘ بیلاری‘ ہبلی اور کلبرگی میں دھاوے ہوئے۔ اترپردیش میں بلندشہر کے قصبہ سیانا اور میرٹھ کے سرور پور اور لساری گیٹ میں چھاپے پڑے۔ اترپردیش پولیس‘ ایس ٹی ایف اور اے ٹی ایس کے دھاوؤں میں پی ایف آئی سے جڑے تقریباً 57 افراد کی گرفتاری عمل میں آئی۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل (لا اینڈ آرڈر) پرشانت کمار نے مختصر بیان میں یہ بات بتائی۔

بنگلورو سے یو این آئی کے بموجب پی ایف آئی اور ایس ڈی پی آئی کے خلاف ایک اور کارروائی میں کرناٹک پولیس نے منگل کے دن 40سے زائد افراد کو ریاست میں بدامنی پیدا کرنے کی سازش کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ چند دن قبل این آئی اے نے پاپلر فرنٹ آف انڈیا کے ارکان کے مکانوں پر دھاوے کئے تھے۔

ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس آلوک کمار نے بنگلورو میں میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ریاست کے مختلف حصوں سے 40 سے زائد افراد گرفتار کئے گئے۔ ضلع کولار میں 6 اور چامراج نگر میں 2 افراد گرفتار کئے گئے۔ ضلع دکشن کنڑا میں 11 پی ایف آئی‘ ایس ڈی پی آئی ارکان کو گرفتار کیا گیا۔ شیواموگہ میں 20 پی ایف آئی ارکان پکڑے گئے۔

باگل کوٹ اور رائچور سے 9 گرفتاریاں ہوئیں۔ وجیہ پورہ میں پولیس نے پی ایف آئی کے ضلع صدر اشفاق جام کھنڈی کو گرفتار کیا۔ چترادرگ سے پی ایف آئی قائد عفان علی کی گرفتاری عمل میں آئی جبکہ ضلع بیلاری سے دیگر 4 کو گرفتار کیا گیا۔ اپنے ارکان کی گرفتاری کے خلاف پی ایف آئی نے ریاست کے کئی حصوں میں احتجاج کیا۔