بھارت

سکم میں بھیانک سڑک حادثہ، ہندوستانی فوج کے 16 جوان ہلاک

وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا کہ مرنے والوں میں تین جونیئر افسر اور 13 جوان ہیں۔ حادثے میں چار دیگر زخمی بھی ہوئے۔ زخمی جوانوں کو ہوائی جہاز سے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

گنگٹوک: ایک المناک حادثے میں 16 ہندوستانی فوج کے جوان جمعہ کو اس وقت ہلاک ہوگئے جب ان کی گاڑی شمالی سکم کے جیما میں گہری کھائی میں گر گئی۔ وزارت دفاع کے ترجمان نے یہ اطلاع دی۔

انہوں نے کہا کہ مرنے والوں میں تین جونیئر افسر اور 13 جوان ہیں۔ حادثے میں چار دیگر زخمی بھی ہوئے۔ زخمی جوانوں کو ہوائی جہاز سے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس ٹرک کو حادثہ پیش آیا وہ تین گاڑیوں کے قافلے کا حصہ تھا جو صبح چٹن سے تھنگو کے لیے روانہ ہوا تھا۔ اس دوران گاڑی 9324 فٹ کی بلندی پر واقع جیما میں ایک تنگ موڑ سے گزرتے ہوئے کھائی میں گر گئی۔ واقعہ کے فوری بعد ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ "ہندوستانی فوج غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔”