بھارت

یہ بھائی چارہ اور اتحاد کا ملک ہے: راہول گاندھی

راہول گاندھی نے کہاکہ بی جے پی اور آر ایس ایس والوں نے ملک کا ماحول خراب کردیا ہے۔ ہمارے خیال تھا کہ ملک کو ایک اور راستہ دکھانے کی ضرورت ہے جو محبت‘ اتحاد اور بھائی چارہ کا راستہ ہے۔ اسی لئے ہم نے یہ یاترا شروع کی۔

فتح گڑھ صاحب(پنجاب): کانگریس قائد راہول گاندھی نے چہارشنبہ کے دن بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ ملک میں نفرت اور خوف پھیلارہی ہے۔ انہوں نے زوردے کر کہا کہ ہندوستان ”بھائی چارہ‘ اتحاد اور احترام“ کا ملک ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بھارت جوڑو یاترا ”کامیاب“ ہے۔

متعلقہ خبریں
راہول کی سیکیوریٹی میں چوک 3 پولیس عہدیدار معطل
بی جے پی میں دستور بدلنے کی ہمت نہیں: ر اہول گاندھی
اسلام کیخلاف سازشیں قدیم طریقہ کار‘ ناامید نہ ہونے مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کا مشورہ
الیکٹورل بانڈس اسکیم، جبری وصولی ریاکٹ: راہول گاندھی (ویڈیو)
دھونی واحد شخص ہیں جو واقعی میرے قریب ہیں: ویراٹ کوہلی

 راہول گاندھی نے پنجاب میں یاترا شروع کرنے سے قبل گردوارہ فتح گڑھ صاحب میں ماتھا ٹیکا۔ وہ ہاف آستین کے ٹی شرٹ میں ملبوس اور پگڑی باندھے ہوئے تھے۔ بعدازاں وہ روضہ شریف (حضرت مجدد الف ثانی شیخ احمد سرہندی)گئے۔

سرہند میں مجمع سے خطاب میں کانگریس کے سابق صدر نے کہا کہ ملک میں نفرت اور تشدد کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس لوگوں کو بانٹ رہی ہیں۔ ایک مذہب کو دوسرے مذہب کے‘ ایک ذات کو دوسری ذات کے اور ایک زبان کو دوسری زبان کے مدمقابل کھڑا کیا جارہا ہے۔

 بی جے پی اور آر ایس ایس والوں نے ملک کا ماحول خراب کردیا ہے۔ ہمارے خیال تھا کہ ملک کو ایک اور راستہ دکھانے کی ضرورت ہے جو محبت‘ اتحاد اور بھائی چارہ کا راستہ ہے۔ اسی لئے ہم نے یہ یاترا شروع کی۔

میڈیا کو اپنا ”دوست“ بتاتے ہوئے راہول گاندھی نے افسوس ظاہر کیا کہ فورتھ اسٹیٹ (میڈیا) 24 گھنٹے وزیراعظم نریندر مودی کا چہرہ دکھارہا ہے اور بے روزگاری یا مہنگائی جیسے مسائل نہیں اٹھارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس یاترا کو وہ جیسے جیسے ایک ریاست سے دوسری ریاست کی طرف بڑھتی رہی‘ زبردست ریسپانس ملتا رہا۔ اس کی ایک وجہ ہے۔

 بی جے پی کی پھیلائی گئی نفرت اور تشدد ملک کا راستہ اور اس کی تاریخ نہیں ہیں۔ یہ ملک بھائی چارہ‘ اتحاد اور احترام کا ملک ہے جس کی وجہ سے یہ یاترا کامیاب ہے۔

راہول گاندھی نے کہا کہ دوران ِ یاترا میں نے بہت کچھ سیکھا ہے کیونکہ میری بات چیت کسانوں‘ چھوٹے دکانداروں‘ مزدوروں‘ بے روزگار نوجوانوں‘ عورتوں اور دیگر سے ہوئی۔ ہم روزانہ تقریباً 25 کیلو میٹر چل رہے ہیں۔ اس یاترا کی اسپرٹ لوگ کیا کہتے ہیں وہ سننا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش سب سے بڑے مسائل نفرت‘ تشدد‘ بے روزگاری اور مہنگائی ہیں۔ بھارت جوڑو یاترا ان مسائل کو اٹھانے کی کوشش کررہی ہے۔ آپ لوگ ہمیں طاقت دیتے ہیں۔

ہم پنجاب میں آئندہ 10 دن آپ سے بات چیت کریں گے۔ صدر پنجاب پردیش کانگریس امریندر سنگھ راجہ وارنگ نے کہا کہ یاترا کانگریس کے لئے نہیں بلکہ ملک کے لئے ہے۔ ہریانہ کے سابق چیف منسٹر بھوپیندر سنگھ ہوڈا نے امید ظاہر کی کہ یاترا کو پنجاب میں زبردست حمایت ملے گی۔

 انہوں نے کہا کہ یہ کسانوں‘ مزدوروں اور ملک کے تاجروں کی آواز بن گئی ہے۔ کڑاکے کی ٹھنڈ کا مقابلہ کرتے ہوئے پارٹی ورکرس کی بڑی تعداد یاترا میں موجود تھی۔ سرہند سے شروع ہونے والی یاترا منڈی گوبند گڑھ‘ کھنہ‘ ساہنی وال‘ لدھیانہ‘ پھگواڑہ‘ جالندھر اور ملکیریاں سے گزرے گی۔

 جموں و کشمیر میں داخل ہونے سے قبل 19 جنوری کو پٹھان کوٹ میں ریالی نکالی جائے گی۔ سرہند سے آئی اے این ایس کے بموجب رکن پارلیمنٹ حلقہ آنندپور صاحب منیش تیواری نے اپنی آبائی ریاست پنجاب میں بھارت جوڑو یاترا میں حصہ لیا۔ انہوں نے دوسری مرتبہ حصہ لیا ہے۔ ان کا حصہ لینا اہمیت کا حامل ہے کیونکہ وہ گروپ 23 کے ارکان میں ایک ہیں۔