بھارت

مودی کیخلاف شکایت پر الیکشن کمیشن کارروائی کیوں نہیں کرتا؟ کانگریس کا سوال

اس سے قبل کانگریس کے نمائندے گجرات میں انتخابات کے دوران کئی بے ضابطگیوں کے بارے میں کمیشن کو آگاہ کر چکے ہیں، لیکن ایسا لگتا ہے کہ کمیشن دباؤ میں کام کر رہا ہے، اس لئے وہ خاموش ہے۔

نئی دہلی: کانگریس نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور وزیر اعظم نریندر مودی دن دہاڑے جمہوریت کا قتل کر رہے ہیں اور انتخابی مہم کے دوران ان کی سرگرمیوں کے بارے میں حقائق کے ساتھ کمیشن کو معلومات فراہم کی گئی ہیں لیکن کمیشن نے اس پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔

کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے پیر کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم گجرات میں ووٹ ڈالنے کے لئے نکلتے ہیں اور اس دوران وہ ڈھائی گھنٹے تک روڈ شو کرتے ہیں جس کا براہ راست ٹیلی کاسٹ کیا جاتا ہے، لیکن الیکشن کمیشن نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

اس سے قبل کانگریس کے نمائندے گجرات میں انتخابات کے دوران کئی بے ضابطگیوں کے بارے میں کمیشن کو آگاہ کر چکے ہیں، لیکن ایسا لگتا ہے کہ کمیشن دباؤ میں کام کر رہا ہے، اس لئے وہ خاموش ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمیشن سب کچھ ہوا میں اڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ایم ایل اے کانتی بھائی کھراڑے نے الیکشن کمیشن کو مطلع کیا تھا کہ انہیں خطرہ ہے اس لئے انہیں سیکورٹی فراہم کی جانی چاہئے، لیکن کمیشن اس پر بھی خاموش رہا۔

 مسٹر کھراڑے پر کل رات حملہ ہوا تو وہ اپنی جان بچانے کے لئے جنگل میں چھپ گئے، لیکن کمیشن اس شکایت پر بھی خاموش ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کانگریس کا وفد الیکشن میں ہونے والی بے ضابطگیوں کی شکایت کرتے ہوئے کمیشن سے ملنے گیا تھا، لیکن انہیں پانچ دن کے بعد ملاقات کا وقت دیا گیا۔

کانگریس نے کمیشن سے شکایت کی تھی کہ بی جے پی انتخابی مہم میں بچوں کا استعمال کررہی ہے، لیکن کمیشن نے اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا اور نہ ہی کسی کو نوٹس دیا۔

انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی انتخابی مہم کے دوران مہم چلاتے ہیں اور ان کی مہم لائیو ٹیلی کاسٹ کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینلوں کو اس لائیو کا بل بی جے پی کو بھیجنا چاہئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی کو 93 فیصد الیکٹورل بانڈ مل رہے ہیں، لہذا چینلز کو بھی لائیو ٹیلی کاسٹ کا پیسہ ملنا چاہیے۔

کانگریس رہنما نے الیکشن کمیشن کے رول پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ جس طرح کا کام کررہا ہے اسے معاف نہیں کیا جاسکتا۔ گجرات میں شراب بندی ہے لیکن بی جے پی گاڑیوں میں بھر کر شراب تقسیم کرتی ہے۔

اس کی ویڈیوز کمیشن کو بھیجی گئیں، لیکن کمیشن اس پر کوئی توجہ نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ روڈ شو کا معاملہ سنگین ہے اور اس کی وجہ سے جمہوریت کا غلط استعمال ہو رہا ہے۔ اس لئے کانگریس اس سلسلے میں قانونی ماہرین کی رائے بھی لے رہی ہے۔