بھارت

خواتین اگنی ویروں کی فضائیہ میں شمولیت؟

انہوں نے کہا کہ فضائیہ مشرقی لداخ میں چین کی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور بغیر کسی اشتعال کے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔

نئی دہلی: فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل وی آر چودھری نے آج کہا کہ آنے والے دسمبر میں فضائیہ میں تین ہزار اگنی ویر ’وایو‘ بھرتی کئے جائیں گے، جبکہ خواتین اگنی ویروں کی بھرتی اگلے سال کی جائے گی اور ابتدائی طور پر یہ تعداد 10 فیصد رہے گی۔

ایئر چیف مارشل چودھری نے منگل کو یہاں 90 ویں یوم فضائیہ سے قبل سالانہ پریس کانفرنس میں کہا کہ اگنی پتھ کی نئی اسکیم کے تحت فضائیہ میں جوانوں کی بھرتی کا عمل جاری ہے اور آنے والے دسمبر میں 3,000 اگنی ویر ایئر فورس میں شامل ہوجائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگلے سال خواتین اگنی ویروں کو بھی بھرتی کیا جائے گا اور ابتدائی طور پر یہ تعداد 10 فیصد رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ فضائیہ میں جنس اور میرٹ کی بنیاد پر کسی کو ترجیح نہیں دی جاتی اور سب کے ساتھ یکساں سلوک کرتے ہوئے کارکردگی کو ترجیح دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فضائیہ کے افسران نے وقتاً فوقتاً اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ فضائیہ ملک کی فضائی سرحدوں کی حفاظت اور ان کی خلاف ورزی کی کارروائیوں سے نمٹنے کے لئے سال کے 24 گھنٹے اور 365 دن تیار رہتی ہے۔ ہماری یونٹس چوکس ہیں اور لڑاکا طیارے کسی بھی صورت حال کا جواب دینے کے لئے اڑان بھرنے کے لئے تیار رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فضائیہ مشرقی لداخ میں چین کی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور بغیر کسی اشتعال کے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔

اس کے لئے مشرقی لداخ میں طیاروں کی تعیناتی، راڈاروں کی تعداد میں اضافہ، تربیت، ٹیکنالوجی اور دیگر وسائل میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جارہی ہے۔