جموں و کشمیر

آزاد کے جانے سے کانگریس کو فرق نہیں پڑے گا: فاروق عبداللہ

فاروق عبداللہ نے میڈیا نمائندوں سے کہا کہ غلام نبی آزاد کی پہلی جیسی آؤبھگت شاید نہیں ہورہی تھی۔ ایسی چیزیں سابق میں بھی ہوچکی ہیں۔ کانگریس مزید طاقتور بن کر ابھرے گی اور ملک کو مضبوط اپوزیشن کی ضرورت ہے۔

سری نگر: سابق چیف منسٹر اور صدر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعہ کے دن کہا کہ کانگریس سابق میں بھی غلام نبی آزاد کے استعفیٰ جیسے دھکے جھیل چکی ہے اور بعد میں مزید طاقتور بن کر ابھری۔

فاروق عبداللہ نے میڈیا نمائندوں سے کہا کہ غلام نبی آزاد کی پہلی جیسی آؤبھگت شاید نہیں ہورہی تھی۔ ایسی چیزیں سابق میں بھی ہوچکی ہیں۔ کانگریس مزید طاقتور بن کر ابھرے گی اور ملک کو مضبوط اپوزیشن کی ضرورت ہے۔

نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ نے اپنے ٹویٹر پر کہا کہ عرصہ سے سننے میں آرہا تھا لیکن کانگریس کو یہ معمولی دھکا نہیں ہے۔ حالیہ عرصہ میں ایک سینئر ترین قائد نے پارٹی چھوڑدی۔ ان کا مکتوب ِ استعفیٰ بڑا دکھ بھرا ہے۔

پی ڈی پی کے بعض قائدین نے کہا کہ یہ کانگریس پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے۔ اسی دوران کانگریس کے سینئر قائد سلمان خورشید نے کہا کہ ملک کی سب سے قدیم پارٹی میدان ِ جنگ میں ہے اور کسی کا بھی پارٹی چھوڑجانا اس پراثرانداز ہوتا ہے۔ غلام نبی آزاد کو کوئی شکایت تھی تو وہ ہمیں بتاسکتے تھے۔