جموں و کشمیر

جموں میں پے درپے 2 دھماکے، 9 افراد زخمی

کانگریس قائد راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے جموں پہنچنے سے صرف 2 دن قبل شہر کے مضافات میں ہفتہ کے دن ایک مصروف علاقہ میں 2 پے درپے دھماکے ہوئے۔ 9 افراد زخمی ہوئے۔

جموں: کانگریس قائد راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے جموں پہنچنے سے صرف 2 دن قبل شہر کے مضافات میں ہفتہ کے دن ایک مصروف علاقہ میں 2 پے درپے دھماکے ہوئے۔ 9 افراد زخمی ہوئے۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔

متعلقہ خبریں
جموں کے دوڈا میں جوشی مٹھ جیسی صورتحال
پی ڈی پی وفد نے یاترا میں حصہ لیا

پولیس کو شبہ ہے کہ ایک رپیرنگ شاپ میں پارک ایس یو وی اور قریب میں ناروال کے ٹرانسپورٹ نگر ایریا میں جنک یارڈ میں ایک گاڑی میں جڑواں دھماکے ہوئے۔ لیفٹیننٹ گورنر جموں وکشمیر منوج سنہا نے اس کی سخت مذمت کی اور ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔

ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس مکیش سنگھ نے مقام ِ دھماکہ کے قریب میڈیا کو بتایا کہ صبح 11 بجے کے آس پاس ایک پرانی بولیرو میں دھماکہ ہوا۔ قریب میں ٹھہرے 5 افراد زخمی ہوئے جنہیں دواخانہ لے جایا گیا۔ ان کی حالت مستحکم ہے۔

انہوں نے کہا کہ سارے علاقہ کو فوری خالی کرادیا گیا لیکن اسی دوران 50میٹر کے فاصلہ پر دوسرا دھماکہ ہوا۔ وہاں مزید ایک شخص معمولی زخمی ہوا جسے دواخانہ لے جایا گیا۔ تحقیقات جاری ہیں تاہم جملہ 9 افراد گورنمنٹ میڈیکل کالج ہاسپٹل لائے گئے ہیں جو چھرّے لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔ دواخانہ کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ 9 مریض لائے گئے۔ ان میں ایک کے پیٹ پر زخم آئے ہیں جبکہ دیگر 2 کے پیر فریکچر ہوئے ہیں۔

سبھی کی حالت مستحکم ہے۔ ایک عہدیدار نے زخمیوں کے نام سہیل اقبال‘ وشوپرتاپ‘ ونود کمار‘ ارجن کمار‘ امیت کمار‘ راجیش کمار اور انیش بتائے ہیں۔ یہ سبھی جموں کے رہنے والے ہیں۔ ایک زخمی سشیل کمار کا تعلق دوڈا سے ہے۔ دوسرا دھماکہ پہلے دھماکہ کے 15 منٹ بعد ہوا۔

ناروال کے ٹرانسپورٹ یارڈ میں مشبہ دہشت گردوں نے دھماکے ایسے وقت کئے جب سیکوریٹی ایجنسیاں‘ کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا اور یوم جمہوریہ تقاریب (26 جنوری) کے مدنظر الرٹ ہیں۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ پہلا دھماکہ لگ بھگ 10:45 بجے ہوا۔ اس کے بعد ایک اور دھماکہ ہوا۔

تلاشی لینے کے لئے سارے علاقہ کو گھیر لیا گیا۔سرکاری ترجمان نے بتایا کہ سینئر پولیس عہدیداروں نے لیفٹیننٹ گورنر کو صورتِ حال کی جانکاری دی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے زخمیوں کو 50 ہزارر وپے کی امدادکا اعلان کیا۔ عام آدمی پارٹی کی رابطہ کمیٹی کے صدرنشین برائے جموں وکشمیر ہرش دیو سنگھ نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی‘ مرکزی زیرانتظام علاقہ کی سیکوریٹی صورتِ حال کو بہتر بنانے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔

ہر گزرتے دن کے ساتھ دہشت گردی بڑھتی جارہی ہے اور 1990 کے دہے کے حالات واپس آرہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا نمائندوں سے کہا کہ دفعہ 370 کی برخاستگی کے بعد کہا گیا تھا کہ ایک پرندہ تک نہیں مرا لیکن حقیقت یہ ہے کہ بے قصور مرد‘ خواتین اور بچے ہلاک ہورہے ہیں۔ بی جے پی کو نہ صرف جموں وکشمیر بلکہ سارے ملک کو جواب دینا ہے۔