جموں و کشمیر

سری نگر میں کیموہ گاؤں میں ہیپاٹائٹس سے کمسن کی موت

جنوبی ضلع اننت ناگ کے کیموہ گاؤں میں اُس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب ہیپٹائٹس پھوٹنے سے ایک اور کمسن کی موت واقع ہوئی جبکہ کئی ایک کی رپورٹ مثبت آئی۔

سری نگر: جنوبی ضلع اننت ناگ کے کیموہ گاؤں میں اُس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب ہیپٹائٹس پھوٹنے سے ایک اور کمسن کی موت واقع ہوئی جبکہ کئی ایک کی رپورٹ مثبت آئی۔

بتادیں کہ اس سے قبل ترکہ تاچھلو میں وبائی مرض پھیلنے سے کمسن بچی کی موت واقع ہوئی۔معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں وبائی بیماری پر قابو پانے کی خاطر متعدد ٹیموں کو روانہ کیا گیا ہے۔

جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے کیموہ گاؤں میں آج صبح اُس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب ہیپٹائٹس انفیکشن کی وجہ سے 7سالہ کمسن لڑکے کی موت واقع ہوئی۔

ذرائع نے بتایا کہ اتوار کو جے وی سی ہسپتال میں کمسن لڑکے کی موت واقع ہوئی۔متوفی کی شناخت 7 سالہ نیہان الطاف ولد الطاف احمد ڈار کے بطور ہوئی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سکول میں زیر تعلیم6طالب علموں کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ طالب علم کیسے اس وائرس سے متاثر ہوئے اس کی جانچ پڑتال کی خاطر ماہرین کی ٹیم کو روانہ کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ6 متاثرین میں سے 2 کی موت واقع ہوئی جبکہ 4 کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہیں۔دریں اثنا متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ نمونے حاصل کرنے کے لئے ایک طبی ٹیم کو مذکورہ گاؤں روانہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرین میں ادویات بھی تقسیم کی جا رہی ہے۔ادھر جوں ہی کمسن لڑکے کی لاش اُس کے آبائی گاؤں پہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا اور خواتین سینہ کوبی کرنے لگیں، بعد میں اُس کو پُر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد لحد کیا گیا۔

مقامی لوگوں نے اس موقع پر کہا کہ حکام کی عدم توجہی کے باعث علاقہ میں بیماری پھوٹ پڑی ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ترکہ تاچھلو ضلع اننت ناگ کا ایک علاقہ ہے لیکن ہیلتھ اور جل شکتی بلاک کے تحت گاؤں کولگام ضلع میں پڑتا ہے۔