جموں و کشمیر

امرناتھ سانحہ کے مہلوکین کی تعداد 16ہوگئی

امرناتھ غار کے قریب بادل پھٹنے سے اچانک آنے والے سیلاب کے مہلوکین کی تعداد آج 16 ہوگئی، جب کہ 15 ہزار پھنسے ہوئے یاتریوں کو پنج ترنی کے لوور بیس کیمپ منتقل کیا گیا ہے۔

سری نگر: امرناتھ غار کے قریب بادل پھٹنے سے اچانک آنے والے سیلاب کے مہلوکین کی تعداد آج 16 ہوگئی، جب کہ 15 ہزار پھنسے ہوئے یاتریوں کو پنج ترنی کے لوور بیس کیمپ منتقل کیا گیا ہے۔

عہدیداروں نے آج یہ بات بتائی۔ سیلاب اور زمینی تودوں کے خیموں اور کمیونٹی کچن پر جمعہ کی دوپہر گرنے کے بعد سے لاپتہ افراد کی تلاش مسلسل جاری ہے۔ سینئر عہدیداروں نے بتایا کہ 25 زخمیوں کو ہاسپٹلس منتقل کیا گیا ہے، جب کہ ابھی تک کئی افراد کے ملبہ کے نیچے دبے ہونے کا اندیشہ ہے۔

ایک فوجی عہدیدار کے مطابق پہاڑی بچاؤ ٹیمیں اور بو سونگھنے والے کتوں کے ساتھ طلایہ گرد دستوں کو تلاشی اور بچاؤ کارروائی پر مامور کردیا گیا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ فضائی بچاؤ کارروائی ہفتہ کی صبح شروع ہوئی اور فوجی ہیلی کاپٹروں کی ذریعہ 6 یاتریوں کا تخلیہ کرایا گیا۔

فوجی میڈیکل ٹیمیں نیلا گرار ہیلی پیاڈ پر مریضوں اور مہلوکین کی نعشیں وصول کررہی ہیں، تاکہ انہیں مزید آگے بھیجا جاسکے۔ بی ایس ایف کا ایک ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیا جارہا ہے۔ جموں و کشمیر کے انتظامیہ نے بچاؤ کارروائی کے لیے اڈوانسڈ لائٹ ہیلی کاپٹرس بھی تعینات کردیے ہیں۔

دہلی میں بارڈر سیکوریٹی فورس کے ا یک ترجمان نے بتایا کہ 16 نعشیں بلتال منتقل کی گئی ہیں۔ آئی ٹی بی پی نے اپنی روٹ میں توسیع کی ہے، تاکہ مقدس غار کے نچلے حصہ سے بچاؤ پارٹیاں پنج ترنی تک پہنچ سکیں۔

جموں و کشمیر پولیس کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل وجئے کمار نے جو کشمیر رینج کا چارج بھی رکھتے ہیں، آج صبح مقدس غار پہنچے، تاکہ سیکوریٹی فورسس اور نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی جانب سے انجام دی جارہی بچاؤ کارروائی کی نگرانی کرسکیں۔