کشمیر میں دستاربندی ممنوع ‘بی جے پی‘ صوفی روایات ختم کرنے پر تُلی ہے: محبوبہ مفتی
صدر پی ڈی پی محبوبہ مفتی نے منگل کے دن الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت اپنے تفرقہ پسند ایجنڈہ کو روبہ عمل لانے کشمیر کی تمام مذہبی اور صوفی روایات کو ختم کررہی ہے۔

سری نگر: صدر پی ڈی پی محبوبہ مفتی نے منگل کے دن الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت اپنے تفرقہ پسند ایجنڈہ کو روبہ عمل لانے کشمیر کی تمام مذہبی اور صوفی روایات کو ختم کررہی ہے۔
سابق چیف منسٹر جموں وکشمیر‘ وقف بورڈ کے پیر کو جاری کردہ احکام پر ردعمل ظاہر کررہی تھیں۔ وقف بورڈ نے دستاربندی کی تمام تقاریب ممنوع قراردی ہیں۔
محبوبہ مفتی نے ٹویٹ کیا کہ منافقت / دُہرے معیار کی کوئی حد نہیں۔ بی جے پی خود دستاربندی کا کوئی موقع نہیں چھوڑتی چاہے وہ مندر میں ہو‘ درگا میں یا گردوارہ میں۔ بی جے پی والے اپنا تفرقہ پسند ایجنڈہ روبہ عمل لانے ہماری تمام مذہبی اور صوفی روایات کو ختم کرکے ہی دم لیں گے۔
وقف بورڈ کے احکام میں کہا گیا کہ دستاربندی سیاسی قائدین کی ہورہی تھی اور وہ بھی ان کی سیاسی وابستگیوں کے لحاظ سے۔
دستاربندی صرف مذہبی شعبہ میں کچھ کردکھانے والوں کی ہونی چاہئے۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ علماء کی گرفتاری کے بعد سجادہ نشینوں کو ان کے روایتی فرائض کی ادائیگی سے روکا جارہا ہے۔ اب دستاربندی ممنوع قرار پائی ہے۔