جموں و کشمیر

کلگام میں حزب المجاہدین کے 3 اعانت کار گرفتار

پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع کلگام میں حزب المجاہدین سے وابستہ تین جنگجو اعانت کاروں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سری نگر: پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع کلگام میں حزب المجاہدین سے وابستہ تین جنگجو اعانت کاروں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن بہی باغ اور پولیس چوکی ہاتی پورہ کی مشترکہ پارٹیوں نے حزب المجاہدین سے وابستہ تین جنگجو اعانت کاروں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا۔

انہوں نے کہا:‘ایک مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر کہ قوم دشمن عناصر ایک گاڑی میں غیر قانونی اسلحہ و گولہ بارود کو لے کر سفر کر رہے ہیں، کلگام پولیس نے ددر کوٹ الم گنج کراسنگ پر ناکہ لگا دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دوران ایک موٹر سائیکل زیر نمبر JK-22.8034 کو روکا گیا اور گاڑی اور مشتبہ افراد کی تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے ایک پستول، دو پستول میگزین، اور 13 پستول گولیاں بر آمد کی گئیں۔

بیان میں کہا گیا کہ تینوں افراد کو پوچھ تاچھ کے بعد حراست میں لیا گیا اور ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ وہ ملی ٹنٹ جرائم اور جنگجوؤں کو سپورٹ فراہم کرنے میں ملوث ہیں۔

گرفتار شدگان کی شناخت محمد عباس وگے ولد محمد رمضان وگے ساکن ووین امام صاحب، گوہر شفیع میر ولد محمد شفیع میر سکان ڈی کے پورہ شوپیاں اور نثار رحمان شیخ ولد عبدالرحمان شیخ ساکن ڈی کے پورہ شوپیاں کے بطور ہوئی ہے۔بیان کے مطابق اس ضمن میں بہی باغ پولیس اسٹیشن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔