جموں و کشمیر

راجوری میں فوجی کیمپ پر فدائن حملہ، 3سپاہی ہلاک

جموں کے ضلع راجوری میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں 2 دہشت گردوں نے ایک فوجی کیمپ پر فدائن حملہ کیا جس میں 3 فوجی ہلاک ہوگئے۔

جموں: جموں کے ضلع راجوری میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں 2 دہشت گردوں نے ایک فوجی کیمپ پر فدائن حملہ کیا جس میں 3 فوجی ہلاک ہوگئے۔

بعدازاں 4 گھنٹے طویل بندوقوں کی لڑائی میں دونوں حملہ آوروں کو بھی مارگرایا گیا۔ پی آر او(ڈیفنس) جموں لیفٹیننٹ کرنل دیویندر آنند نے بتایا کہ جمعرات کی اولین ساعتوں میں ضلع راجوری کے پرگھال میں ہندوستانی فوجی چوکی پر تعینات چوکس سنتریوں نے مشتبہ افراد کو ناسازگار موسم اور گہرے بادلوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی چوکی کی طرف آتے ہوئے دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ سنتریوں نے دہشت گردوں کو چالینج کیا جس پر انہوں نے چوکی میں گھسنے کی کوشش کے دوران گرینیڈس پھینکے۔ بہرحال چوکس فوجیوں نے علاقہ کو گھیر لیا اور ان کے ساتھ لڑائی میں مصروف ہوگئے۔ آنند نے مزید کہا کہ بندوقوں کی لڑائی میں دونوں دہشت گردوں کو ڈھیر کردیا گیا۔

ہندوستانی فوج کے 6 سپاہی اس کارروائی میں زخمی ہوئے ہیں جبکہ 3 بہادر زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ ہلاک ہونے والے فوجیوں میں صوبیدار راجندر پرساد (ساکن راجستھان ضلع جھنجھنو کے مالی گوون)‘ رائفل میان لکشمنن ڈی (ساکن ٹاملناڈو ضلع مدورائی موضع پدوپتی) اور رائفل میان منوج کمار (ساکن موضع شاہجہاں پور‘ فریدآباد‘ ہریانہ) شامل ہیں۔

ہندوستانی فوج‘فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جان قربان کرنے پر تینوں بہادروں کو سلام کرتی ہے۔ قوم اس عظیم قربانی کے لئے ہمیشہ ان کی مقروض رہے گی۔ عہدیداروں اور عینی شاہدین کے مطابق تقریباً 2 بجے شب پہلی گولی کی آواز سنائی دی جب دہشت گردوں نے یہاں سے 185 کیلو میٹر کے فاصلہ پر واقع پرگھال میں قائم کیمپ کی بیرونی باڑھ توڑنے کی کوشش کی۔

یوم آزادی سے 4 دن پہلے کیا گیا یہ حملہ مرکزی زیرانتظام علاقہ جموں وکشمیر میں زائداز 3 سال بعد فدائن حملوں کی واپسی کا نقیب بن گیا ہے۔ ایسا آخری حملہ 14 فروری 2019 کو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے لیتھ پورہ میں ہوا تھا جس میں سی آر پی ایف کے 40 فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

جمعرات کے حملہ میں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ جیش محمد سے تعلق رکھنے والے 2 فدائن نے کیمپ میں گھسنے کی کوشش کی لیکن انہیں ڈھیر کردیا گیا۔ڈائرکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے یہ بات بتائی۔ عینی شاہدین کے مطابق آخری گولی کی آواز صبح 6:10 بجے سنائی دی۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس مکیش سنگھ نے جو جموں زون کے سربراہ ہیں‘ بتایا کہ درہال پولیس اسٹیشن سے 6 کیلو میٹر کے فاصلہ پر واقع فوجی کیمپ کو مزید فورسس روانہ کی گئی ہیں۔