جموں و کشمیر

کشمیری پنڈت قتل کیس : سپریم کورٹ کا سماعت سے انکار

جسٹس بی آر گوائی اور جسٹس سی ٹی روی کمار پر مشتمل بنچ نے نشاندہی کی کہ اس نے حال میں اس نوعیت کی درخواست پر سماعت کرنے سے انکار کیا اور درخواست کو عرضی سے دستبرداری کی اجازت دی۔

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پیر کے دن 1989ء میں ایک کشمیری پنڈت کی ہلاکت کے بارے میں تحقیقات کی گزارش کرتے ہوئے داخل کی گئی درخواست قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے خیال ظاہر کیا کہ درخواست گزار، ہائی کورٹ سے راحت حاصل کرنے کی گزارش کرسکتا ہے۔

جسٹس بی آر گوائی اور جسٹس سی ٹی روی کمار پر مشتمل بنچ نے نشاندہی کی کہ اس نے حال میں اس نوعیت کی درخواست پر سماعت کرنے سے انکار کیا اور درخواست کو عرضی سے دستبرداری کی اجازت دی۔

بنچ نے درخواست گزار سے کہا کہ اگر آپ دستبردار ہونا چاہتے ہیں تو عرضی سے دستبردار ہوجائیں۔ ہم نے واضح کیا ہے کہ ہم دو درخواستوں کے درمیان امتیاز نہیں کرسکتے۔ درخواست گزار کے پیروی کرنے والے سینئر ایڈوکیٹ گورو بھاٹیہ نے قانون میں دستیاب مناسب راستہ اختیار کرنے کی آزادی کے ساتھ اس سے دستبرداری اختیار کرلی۔

بھاٹیہ نے بحث کے دوران زور دے کر کہا کہ یہ درخواست ایک نہایت سنگین معاملہ سے متعلق ہے اور یہ مبینہ طور پر جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے ہاتھوں ہلاک شدہ ٹی ایل ٹپلو نامی شخص کے بیٹے نے داخل کی ہے۔