جموں و کشمیر

راہول گاندھی کو بلیٹ پروف گاڑی میں خانہ بل گیسٹ ہاؤز لے جایا گیا

کانگریس قائد راہول گاندھی نے جمعہ کے دن کہاکہ انہیں اپنی یاترا ایک دن کے لئے منسوخ کرنی پڑی کیونکہ جموں وکشمیر نظم ونسق کی طرف سے پولیس انتظامات ”بدقسمتی سے پوری طرح دم توڑچکے تھے“۔

خانہ بل (جموں وکشمیر): کانگریس قائد راہول گاندھی نے جمعہ کے دن کہاکہ انہیں اپنی یاترا ایک دن کے لئے منسوخ کرنی پڑی کیونکہ جموں وکشمیر نظم ونسق کی طرف سے پولیس انتظامات ”بدقسمتی سے پوری طرح دم توڑچکے تھے“۔

متعلقہ خبریں
راہول کی سیکیوریٹی میں چوک 3 پولیس عہدیدار معطل
ٹاملناڈو میں راہول گاندھی کے ہیلی کاپٹر کی تلاشی(ویڈیو)
تکوگوڑہ میں کانگریس کا جلسہ، منشور کی اجرائی، کھرگے، راہول، پرینکاگاندھی کی شرکت متوقع
بی جے پی میں دستور بدلنے کی ہمت نہیں: ر اہول گاندھی
الیکٹورل بانڈس اسکیم، جبری وصولی ریاکٹ: راہول گاندھی (ویڈیو)

راہول گاندھی نے جموں کے بانیہال سے اپنی یاترا شروع کی تھی۔ وہ بلیٹ پروف گاڑی میں جواہر سرنگ پارکرکے قاضی گنڈ (وادی) میں داخل ہوئے لیکن اس کے بعد صرف 500 میٹر پیدل چل پائے۔ ان کی سیکوریٹی ٹیم نے انہیں رکنے کو کہا کیونکہ ان کے استقبال کے لئے جو بڑا ہجوم اکٹھا ہوا تھا‘ اسے کنٹرول کرنے کے لئے پولیس فورس موجود نہیں تھی۔

سابق صدر کانگریس نے خانہ بل میں مختصر بیان میں میڈیا سے کہا کہ ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس والے کہیں بھی دکھائی نہیں دے رہے تھے۔ انہیں آج ویسو تک 11 کیلو میٹر چلنا تھا اور رات میں ضلع اننت ناگ کے خانہ بل ڈاک بنگلہ میں آرام کرنا تھا۔

راہول گاندھی نے میڈیا نمائندوں سے غیرمقررہ ملاقات میں کہا کہ جموں وکشمیر انتظامیہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ سیکوریٹی فراہم کرے۔ میں امید کرتا ہوں کہ اب یاترا کے مابقی دنوں کے لئے سیکوریٹی یقینی بنائی جائے گی۔ مجھے نہیں پتہ ایسا کیوں ہوا لیکن کل اور پرسوں ایسا نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے میڈیا کے کسی بھی سوال کا جواب نہیں دیا اور کہا کہ اپنے سوالات اتوار کے لئے اٹھا رکھیں۔

کانگریس قائد نے کہا کہ مجھے اپنی پدیاترا اس لئے روک دینی پڑی کہ میں اپنی سیکوریٹی ٹیم کے خلاف نہیں جاسکتا۔اس واقعہ کو ”بڑی سیکوریٹی چُوک“ قرار دیتے ہوئے ان کے پارٹی قائد جئے رام رمیش نے کہا کہ راہول گاندھی کی سیکوریٹی ٹیم جموں وکشمیر نظم ونسق سے بات چیت کررہی ہے تاکہ آئندہ چند دن میں سب کچھ ٹھیک چلتا رہے۔

کانگریس جنرل سکریٹری نے ہندی میں ٹویٹ کیا کہ سیاست کی اپنی جگہ ہے لیکن جموں وکشمیر میں راہول گاندھی کی سیکوریٹی سے کھلواڑ کرتے ہوئے حکومت اپنی پستی کی نچلی سطح پر آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان پہلے ہی اندراگاندھی اور راجیو گاندھی کو گنواچکا ہے۔ کسی بھی حکومت یا نظم ونسق کو ایسے مسائل پر سیاست کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔

پارٹی کے کئی قائدین نے بھی حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس نے راہول گاندھی کی سیکوریٹی ہٹالی۔ انہوں نے اس مبینہ چوک کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے سوال کیا کہ اس کا حکم کس نے دیا؟۔ ذمہ دار حکام کو اس کا جواب دینا ہوگا۔