جموں و کشمیر

ہم بی جے پی کا ہندوستان بننے نہیں دیں گے: محبوبہ مفتی

محبوبہ مفتی نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ بی جے پی کے لئے جگہ نہ چھوڑیں۔ پنچایت الیکشن یا میونسپل الیکشن ہوتا ہے تو نوجوانوں سے خاص طورپر میرا کہنا ہے کہ وہ بی جے پی کے لئے جگہ نہ چھوڑیں۔

سری نگر: صدر پی ڈی پی محبوبہ مفتی نے اتوار کے دن نوجوانوں سے کہا کہ وہ جموں وکشمیر میں مستقبل کے بلدی اور اسمبلی انتخابات میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقوق کی جدوجہد کے لئے ان کا ”ہتھیار“ ہے۔ انہیں بی جے پی کے لئے جگہ نہیں چھوڑنی چاہئے۔

محبوبہ مفتی نے سری نگر میں پارٹی کی ایک تقریب میں کہا کہ یہ بی جے پی کا ہندوستان نہیں ہے اور لکھ کر رکھ لیں ہم بی جے پی کا ہندوستان بننے نہیں دیں گے۔ سابق چیف منسٹر جموں وکشمیر نے مرکز کو خبردار کیا کہ وہ ان  حملہ آوروں جیسا برتاؤ نہ کرے جو 1947 میں پاکستان سے وادی میں آئے تھے اور جنہوں نے کشمیریوں کو بھاگنے پر مجبور کردیا تھا۔

 محبوبہ مفتی نے کہا کہ ہندوستان بی جے پی نہیں ہے۔ ہم جس ہندوستان میں شامل ہوئے تھے وہ نہرو کا ہندوستان تھا‘ گاندھی جی کا ہندوستان تھا اور مولانا ابوالکلام آزاد کا ہندوستان تھا۔ یہ راہول گاندھی کا ہندوستان ہے جو ہندو مسلم اتحاد کے لئے ملک کا سفر کررہے ہیں۔ یہ تشار گاندھی کا ہندوستان ہے۔

انہوں نے 2019 میں دفعہ 370 کی برخاستگی کے لئے بی جے پی کو پھر آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اس ملک سے دل کا رشتہ جوڑا‘ دستوری رشتہ جوڑا‘ محبت کا رشتہ جوڑا لیکن تم بی جے پی والوں نے کیا کیا؟ تم نے ہمارے وقار اور ہماری شناخت سے کھیلا۔ تم نے ساری ریاست برباد کردی۔ یہ نہیں چلے گا۔

محبوبہ مفتی نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ بی جے پی کے لئے جگہ نہ چھوڑیں۔ پنچایت الیکشن یا میونسپل الیکشن ہوتا ہے تو نوجوانوں سے خاص طورپر میرا کہنا ہے کہ وہ بی جے پی کے لئے جگہ نہ چھوڑیں۔

انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی یا اسمبلی نوجوانوں کے ہاتھوں میں ایک طاقت ہے اور یہ طاقت انہیں کسی اور کے لئے نہیں چھوڑنی چاہئے۔ اگر آپ لڑنا چاہتے ہیں تو یہ آپ کا چھوٹا اور بڑا ہتھیار ہے۔ پنچایت‘ مجالس مقامی یا اسمبلی آپ کے ہاتھوں میں ہتھیار ہیں‘ طاقت ہیں اور آپ کو کسی اور کے لئے انہیں نہیں چھوڑنا چاہئے۔

پی ڈی پی سربراہ نے عہد کیا کہ جموں وکشمیر کے خصوصی موقف کی بحالی کے لئے جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر سے چھینی گئی ہر چیز ”سود کے ساتھ“ واپس لائی جائے گی۔