شمالی بھارت

’اب کی بار 200 پار‘ ایم پی بی جے پی قائد شرما کا نعرہ

گجرات میں پارٹی کی شاندار کامیابی سے حوصلہ افزاء مدھیہ پردیش کی برسر اقتدار بھارتیہ جنتاپارٹی آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ”اب کی بار 200 پار“ نعرے کے ساتھ سرگرم ہورہی ہے۔

بھوپال: گجرات میں پارٹی کی شاندار کامیابی سے حوصلہ افزاء مدھیہ پردیش کی برسر اقتدار بھارتیہ جنتاپارٹی آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ”اب کی بار 200 پار“ نعرے کے ساتھ سرگرم ہورہی ہے۔

230 رکنی ایوان میں پارٹی نے 200سے زائد نشستوں پر کامیابی کا نشانہ مقرر کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے کے عزائم کا اظہار کیا ہے۔

زعفران پارٹی جو کہ مدھیہ پردیش میں تقریبا20سال سے اقتدار میں ہیں‘ انتخابات میں 51فیصد ووٹس حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

2023 کے اختتام پر ریاست میں اسمبلی کے انتخابات ہونے والے ہیں۔پارٹی نے مدھیہ پردیش اسمبلی کے آئندہ سال ہونے والے انتخابات میں نہ صرف 200 سے زائد نشستیں حاصل کرنے کا نشانہ رکھا ہے بلکہ کہا ہے کہ ووٹوں کی حصہ داری کا فیصد 51رہے گا۔

ریاستی بی جے پی کے صدر وی ڈی شرما نے اخباری نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ان تاثرات اور احساسات کا اظہار کیا ہے۔

پارٹی کی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد انہوں نے کہا ہے کہ ”اب کی بار 200 پار“سے کامیابی حاصل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کو گجرات اسمبلی انتخابات میں 53فیصد نشستیں حاصل ہوچکی ہیں اور شاندار کامیابی کا اعادہ ہوا ہے۔گجرات اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو 182 نشستوں میں 156حاصل ہوئی ہیں۔