شمالی بھارت

بہار کے نئے وزیر قانون کارتک ماسٹر مصیبت میں

کارتک ماسٹر کو دیگر فوجداری مقدمات کا بھی سامنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف سارے الزامات سیاسی محرکہ ہیں اور ثابت نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ازروئے قانون اقدام کریں گے۔

پٹنہ: نتیش کمار کی نئی حکومت میں وزیر قانون بننے کے ایک دن بعد کارتکیہ سنگھ عرف کارتک ماسٹر مشکل میں گھرتے نظر آرہے ہیں کیونکہ انہوں نے اغوا کے کیس میں عدالت یا پولیس میں سرینڈر نہیں کیا۔ ایک عہدیدار نے چہارشنبہ کے دن یہ بات بتائی۔

 راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) کے باہوبلی قائد اننت سنگھ کے قریبی کارتک ماسٹر کو ضلع پٹنہ میں اغوا کے کیس کا سامنا ہے۔ 2014 کے اس کیس میں ان کے خلاف وارنٹ اگست کے پہلے ہفتہ میں جاری ہوا اور انہیں 16  اگست تک عدالت یا پولیس میں سرینڈر ہونا تھا۔

 16  اگست کو انہوں نے بہار کی نئی حکومت میں کابینی وزیر کی حیثیت سے حلف لیا اور قانون کا قلمدان پایا۔ کارتک ماسٹر کو دیگر فوجداری مقدمات کا بھی سامنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف سارے الزامات سیاسی محرکہ ہیں اور ثابت نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ازروئے قانون اقدام کریں گے۔ کارتک ماسٹر پیشہ سے ٹیچر ہیں اور آر جے ڈی کے ٹکٹ پر رکن قانون ساز کونسل منتخب ہوئے ہیں۔