شمالی بھارت

راجستھان میں سیاسی ڈرامہ جاری

قیادت کی تبدیلی کے مسئلہ پر راجستھان میں سیاسی ڈرامہ پیر کے دن بھی جاری رہا۔ چیف منسٹر اشوک گہلوت کے وفادار ارکان اسمبلی نے کانگریس مبصرین سے ملاقات نہیں کی۔

جئے پور: قیادت کی تبدیلی کے مسئلہ پر راجستھان میں سیاسی ڈرامہ پیر کے دن بھی جاری رہا۔ چیف منسٹر اشوک گہلوت کے وفادار ارکان اسمبلی نے کانگریس مبصرین سے ملاقات نہیں کی۔

امکان ہے کہ یہ مبصرین دہلی لوٹ کر پارٹی ہائی کمان کو ریاست کی صورتِ حال کی جانکاری دیں گے۔ اشوک گہلوت نے پارٹی صدر منتخب ہونے کی صورت میں چیف منسٹری چھوڑی تو سچن پائلٹ چیف منسٹر ہوسکتے ہیں۔ وہ ہائی کمان سے ملاقات کے لئے نئی دہلی روانہ ہوچکے ہیں۔

200 رکنی ایوان میں کانگریس کے 108 ارکان ہیں۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اشوک گہلوت کے 82 وفادار مستقبل کا لائحہ عمل طئے کرنے میٹنگ کریں گے۔ اے آئی سی سی مبصرین ملیکارجن کھڑگے اور راجستھان انچارج اجئے ماکن اتوار کے دن انتظار کرتے رہ گئے کہ تمام ارکان اسمبلی سی ایل پی میٹنگ میں آئیں۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی ارکان اسمبلی نوراتری تہوار کے مدنظر اپنے حلقوں کو جاچکے ہیں۔ 82 ارکان اسمبلی نے اسپیکر کو اپنے استعفے سونپ دیئے ہیں۔

اشوک گہلوت کے وفادار ارکان اسمبلی کا کہنا ہے کہ انہوں نے مبصرین کے سامنے اپنا مطالبہ رکھا ہے کہ 19 اکتوبر کو پارٹی صدارت کا الیکشن ہونے کے بعد ہی چیف منسٹر کا چہرہ کون ہوگا یہ طئے کیا جائے اور اس کے لئے اشوک گہلوت سے صلاح و مشورہ کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم اسے چاہتے ہیں جو 2020میں سیاسی بحران کے دوران کانگریس حکومت کے ساتھ کھڑا رہا۔