شمالی بھارت

”راکیش ٹکیت دو کوڑی کا آدمی:“ مرکزی وزیر اجئے کمار مشرا کا بیان

مشرا جو مملکتی وزیر داخلہ ہیں نے کہا کہ فرض کریں، میں کار میں لکھنوجارہا ہوں جس کی اچھی خاصی رفتار ہے، سڑک پر کتے بھونکتے ہیں یا کار کا تعاقب کرتے ہیں۔ یہ ان کی فطرت ہے۔

لکھیم پور کھیری: مرکزی وزیر اجئے کمار مشرا جو گزشتہ سال کار کے ذریعہ 4 کسانوں کی موت کے معاملے میں اپنے بیٹے کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کے مسئلہ پر تنقیدوں کا سامنا کررہے ہیں نے کسان لیڈر راکیش ٹکیت کو ”دو کوڑی کا  آدمی“ قرار دیا۔

 ایک ویڈیو میں‘ جس میں وہ اپنے حامیوں سے خطاب کررہے ہیں، مشرا نے اپنے خلاف الزامات کو مسترد کردیا۔ مشرا جو مملکتی وزیر داخلہ ہیں نے کہا کہ فرض کریں، میں کار میں لکھنوجارہا ہوں جس کی اچھی خاصی رفتار ہے، سڑک پر کتے بھونکتے ہیں یا کار کا تعاقب کرتے ہیں۔ یہ ان کی فطرت ہے۔

میں اس کے تعلق سے کچھ نہیں کہوں گا، کیوں کہ ہماری ایسی فطرت نہیں ہوتی۔ جب چیزیں سامنے آئیں گی میں سب کو جواب دوں گا۔ مجھے آپ کی حمایت کا پوری یقین ہے۔

“ انہوں نے کہا کہ لوگ سوالات اٹھاتے رہتے ہیں۔ کچھ بے وقوف صحافی بھی ہیں جن کا صحافت سے کوئی تعلق نہیں ہے اور الٹی سیدھی بات کرکے الجھن پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

میں راکیش ٹکیت کو اچھی طرح جانتا ہوں۔ وہ دو کوڑی کا آدمی ہے۔ اس نے دو مرتبہ الیکشن لڑا اور ضمانت گنوادی۔ اگر ایسا شخص مخالفت کرتا ہے تو اس کی کوئی اہمیت نہیں ہے لہٰذا میں ایسے لوگوں کو جواب نہیں دیتا۔“