شمالی بھارت

راہول گاندھی نے گجرات میں سردار پٹیل کارڈ کھیلا

کانگریس قائد راہول گاندھی نے اسمبلی الیکشن سے قبل رائے دہندوں کو لبھانے آج سردار پٹیل کارڈ کھیلا۔ انہوں نے دوٹوک سوال کیا کہ اگر بی جے پی سردار پٹیل کی آئیڈیالوجی پر سنجیدگی سے یقین رکھتی تو وہ کبھی بھی کسان مخالف زرعی قوانین متعارف اور منظور نہ کرتی۔

احمدآباد: کانگریس قائد راہول گاندھی نے اسمبلی الیکشن سے قبل رائے دہندوں کو لبھانے آج سردار پٹیل کارڈ کھیلا۔ انہوں نے دوٹوک سوال کیا کہ اگر بی جے پی سردار پٹیل کی آئیڈیالوجی پر سنجیدگی سے یقین رکھتی تو وہ کبھی بھی کسان مخالف زرعی قوانین متعارف اور منظور نہ کرتی۔

احمدآباد میں پریورتن سنکلپ سبھا کے دوران پارٹی ورکرس سے خطاب میں راہول گاندھی نے کہا کہ سردار پٹیل نے اپنی ساری زندگی میں کسانوں‘ مزدوروں اور عام آدمی کے لئے لڑائی لڑی لیکن بی جے پی حکومت ان کی آئیڈیالوجی کا اُلٹ کررہی ہے۔ بی جے پی والوں کو سردار پٹیل کے پیرو کیسے کہا جاسکتا ہے؟۔

ان لوگوں نے سردار پٹیل کا بلند مجسمہ تو لگاڈالا لیکن ان کے فلسفہ اور آئیڈیالوجی کو سمجھنے میں ناکام رہے۔ کانگریس قائد نے سوال کیا کہ کیا آپ نے کبھی سنا کہ سردار پٹیل نے احتجاج کے لئے انگریزوں سے اجازت لی تھی؟۔ بی جے پی کا دعویٰ ہے کہ وہ سردار پٹیل کو مانتی ہے لیکن اس کی حکومت میں عوام کو احتجاج اور مظاہرہ کے لئے اجازت لینی پڑتی ہے۔

سردار پٹیل آج زندہ ہوتے تو وہ آپ سے کہتے کہ ایسی پابندیاں عائد کرنے والی بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے بے روزگاری اور مہنگائی کے تعلق سے بات کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ کانگریس کا وعدہ 10 لاکھ نوجوانوں کو نوکریاں دینے‘ عام صارفین کو 300 یونٹ مفت برقی دینے‘ کسانوں کو مفت برقی دینے‘ 500 روپے میں پکوان گیس سلنڈر‘ 3 ہزار انگلش میڈیم اسکولوں کا قیام اور لڑکیوں کو مفت تعلیم دینے کا ہے۔

اس کے علاوہ کووِڈ سے مرنے والوں کے ورثاء کو 4 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی وعدہ کیا کہ ایسا ماحول پیدا کیا جائے گا جس میں چھوٹی اور متوسط صنعتیں پھلے پھولیں۔کانگریس قائد نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ چھوٹی اورمتوسط صنعتیں روزگار پیدا کرتی ہیں‘ بڑے یونٹس نہیں۔

راہول گاندھی نے کانگریس ورکرس سے اپیل کی کہ وہ گجرات کے عوام کے ساتھ کھڑے رہیں جنہیں مہنگائی کی مار جھیلنے کے علاوہ بے روزگاری اور گھمنڈی حکومت کے ہاتھوں ہراسانی کا سامنا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اِس بار عوام‘ برسراقتدار جماعت کو پھر جتانے کے موڈ میں نہیں ہیں۔ وہ بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کردینا چاہتے ہیں لیکن یہ اسی وقت ممکن ہوگا جب کانگریس ورکرس ان کے ساتھ کھڑے رہیں اور عوامی حکومت واپس لانے میں مدد کریں جو عوام کے لئے کام کرے۔