شمالی بھارت

زانیوں اور قاتلوں کے والدین کوبھی سزا دی جائے:بی جے پی رکن اسمبلی

مدھیہ پردیش بھارتیہ جنتاپارٹی کے رکن اسمبلی آکاش وجئے ورگیہ نے مطالبہ کیاہے کہ زانیوں اور قاتلوں کے والدین کوبھی سزا دی جائے۔

اندور: مدھیہ پردیش بھارتیہ جنتاپارٹی کے رکن اسمبلی آکاش وجئے ورگیہ نے مطالبہ کیاہے کہ زانیوں اور قاتلوں کے والدین کوبھی سزا دی جائے۔

انہوں نے کہاکہ یہ لوگ اپنے بچوں کے اچھے کرداراورتہذیب کویقینی بنانے کے ذمہ دارہوتے ہیں۔ اندورکے رکن اسمبلی نے اتوارکے روز”پھول مالی سماج“ پرطلبہ کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگر کوئی شخص عصمت ریزی کرتاہے تومیرے خیال میں نہ صرف اسے بلکہ اس کے والدین کوبھی کم از کم ایک یادوسال کی سزادی جانی چاہئے۔

اسی طرح قاتلوں کے والدین کوبھی مجرم کے ساتھ ساتھ دو یا تین سال کی سزا دی جانی چاہئے۔ بچوں کے اچھے کردار اور تہذیب کویقینی بنانا والدین کی ذمہ داری ہوتی ہے۔

اگربچے کوئی اچھاکام کرتے ہیں تو اس کا سہرا والدین کے سرجاتاہے اوراگر وہ کچھ براکرتے ہیں تو اس کے ذمہ دار بھی والدین ہوتے ہیں۔

بہرحال رکن اسمبلی نے کہاکہ یہ ان کا ذاتی خیال ہے اگر انہیں موقع ملے تو وہ اس مسئلہ پر قانون وضع کرناچاہیں گے۔ ان کی اس تقریر کا ایک ویڈیوآج سوشل میڈیاپر وائرل ہوا۔ وہ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجئے ورگیہ کے لڑکے ہیں۔