شمالی بھارت

نائب صدر کا امیدوار نہ بنانے پر نتیش نے این ڈی اے کا ساتھ چھوڑدیا: سشیل

سشیل مودی نے چہارشنبہ کو یہاں پارٹی کے ریاستی دفتر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ کمار کے این ڈی اے سے تعلقات توڑنے کے فیصلے کی اصل وجہ یہ تھی کہ وہ ملک کا نائب صدر بننا چاہتے تھے، لیکن بی جے پی اس کے لئے تیار نہیں تھی۔

پٹنہ: بہار کے سابق نائب چیف منسٹر اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے راجیہ سبھا رکن سشیل کمار مودی نے آج کہا کہ نتیش کمار کے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) سے تعلقات توڑنے کی اصل وجہ انہیں (مسٹر کمار) کو نائب صدر عہدے کا امیدوار نہ بنایاجاناہے۔

مودی نے چہارشنبہ کو یہاں پارٹی کے ریاستی دفتر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ مسٹر کمار کے این ڈی اے سے تعلقات توڑنے کے فیصلے کی اصل وجہ یہ تھی کہ وہ ملک کا نائب صدر بننا چاہتے تھے، لیکن بی جے پی اس کے لئے تیار نہیں تھی۔

نتیش کمار کے قریبی جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) لیڈروں نے حال ہی میں بی جے پی کی اعلیٰ قیادت سے کمار کو نائب صدر بنانے کے لیے کہا تھا۔ تاہم بی جے پی نے اس پر غور نہیں کیا۔

بی جے پی ایم پی نے کہا کہ کمار کے این ڈی اے سے الگ ہونے اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) میں شامل ہونے کی یہ ایک اہم وجہ ہے۔ کمار نے این ڈی اے سے تعلقات توڑنے کے دوران کئی سفید جھوٹ بولے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمار کا یہ دعویٰ کہ آر سی پی سنگھ کو ان کی رضامندی کے بغیر نریندر مودی کابینہ میں وزیر بنایا گیا تھا، جو کہ سراسر غلط ہے۔