شمالی بھارت

نوئیڈا جڑواں ٹاورس کی جگہ عالیشان مندر بنانے کی تجویز

آج ایک میٹنگ میں تجویز پیش کی کہ اس جگہ پر ایک عظیم الشان مندر تعمیر کیا جائے جہاں رام للا اور بھگوان شیوا کی مورتیوں کے ساتھ دیگر بھگوانوں کی مورتیاں نصب کی جائیں گی۔

نوئیڈا: نوئیڈا میں سوپر ٹیک ٹوئن ٹاورز کو منہدم کیے جانے کے بعد اس کی جگہ پر ایک عالیشان مندر تعمیر کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

ٹاورس کے انہدام کے چند دن بعد ریسیڈنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن نے آج ایک میٹنگ میں تجویز پیش کی کہ اس جگہ پر ایک عظیم الشان مندر تعمیر کیا جائے جہاں رام للا اور بھگوان شیوا کی مورتیوں کے ساتھ دیگر بھگوانوں کی مورتیاں نصب کی جائیں گی۔

اس معاملہ سے واقف لوگوں نے بتایا کہ بچوں کے کھیلنے کے لیے ایک بڑا پارک بنانے کی بھی تجویز دی گئی ہے جس میں سرسبزی و شادابی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

جڑواں ٹاورز کو اتوار کو باردو لگاکر منہدم کردیا گیا تھا۔ یہاں کی ریسیڈنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن نے آج میٹنگ بلائی اور سوسائٹی کے تمام ارکان نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہاں ایک عالی شان مندر کے علاوہ پارک کی تعمیر عمل میں لائی جائے۔

تازہ ترین پیشرفت میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سوپرٹیک کا ایمرالڈ ٹاور ابھی تک سوسائٹی کے حوالے نہیں کیا گیا ہے اور ملکیت اب بھی بلڈر کے پاس ہے۔ اگر بلڈر وہاں کسی قسم کی تعمیر کا خواہاں ہے تو اسے پہلے سوسائٹی کے دو تہائی لوگوں کی رضامندی لینی ہوگی۔

اسوسی ایشن کا دعویٰ ہے کہ سوسائٹی کے لوگ مکمل طور پر ایسوسی ایشن کے ساتھ ہیں اور اگر اس پر دوبارہ کوئی قانونی جنگ لڑنی پڑی تو وہ اس کے لئے بھی تیار ہیں۔

سوسائٹی کی جانب سے ایک گرین پارک اور ایک عظیم الشان مندر کی منصوبہ بندی پہلے سے کی گئی ہے اور یہ کوشش بھی کی جا رہی ہے کہ پارک میں زیادہ سے زیادہ سرسبزی و شادابی ہو تاکہ بچے کھیل سکیں اورعمر رسیدہ لوگوں کو بیٹھنے اور چہل قدمی کے لیے مناسب جگہ مل سکے۔