شمالی بھارت

چیف منسٹر گجرات کی تبدیلی کا اشارہ‘ ایڈیٹر کے خلاف کیس درج

اخبار کے آرٹیکل میں لکھا گیا کہ بی جے پی کی مرکزی قیادت‘ چیف منسٹر بھوپیندر پٹیل سے خوش نہیں ہے اور ان کی جگہ پر مرکزی وزرا پرشوتم روپالا اور منسکھ منڈاویا کا نام سننے میں آرہا ہے۔

راجکوٹ: راجکوٹ کے شامنامہ سوراشٹرا ہیڈلائن کے ایڈیٹر اور مالک کے خلاف ایک آرٹیکل شائع کرنے پر کیس درج کرلیا گیا ہے جس میں اشارہ دیا گیا تھا کہ چیف منسٹر گجرات بھوپیندر پٹیل کو ہٹایا جانے والا ہے کیونکہ بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کی مرکزی قیادت ان کی کارکردگی سے خوش نہیں ہے۔

ایک پولیس عہدیدار نے ہفتہ کے دن یہ بات بتائی۔ گڈبائے بھوپیندر جی‘ ویلکم روپالا کی سرخی کے ساتھ یہ نیوز آرٹیکل اخبار کے 22 اگست کے ایڈیشن میں شائع ہوا تھا جس کے بعد ایڈیٹر انیرودھ نکم (جس نے آرٹیکل لکھا) اور اس کی بیوی کے خلاف جو اخبار کی مالک ہے‘ ایف آئی آر درج کرلی گئی۔

انسپکٹر سی جی جوشی (راجکوٹ سٹی اے ڈیویژن پولیس اسٹیشن) نے یہ بات بتائی۔ دونوں ملزمین کو نوٹس جاری کردی گئی ہے اور انہیں ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر بابوبھائی واگھیرا کی شکایت پر درج ہوئی۔

اخبار کے آرٹیکل میں لکھا گیا کہ بی جے پی کی مرکزی قیادت‘ چیف منسٹر بھوپیندر پٹیل سے خوش نہیں ہے اور ان کی جگہ پر مرکزی وزرا پرشوتم روپالا اور منسکھ منڈاویا کا نام سننے میں آرہا ہے۔

شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ رپورٹ کسی ثبوت کے بغیر افواہیں پھیلانے کے مقصد سے لکھی گئی۔ بی جے پی حامیوں میں افراتفری پھیلانا بھی اس کا مقصد تھا۔