شمالی بھارت

گجرات میں 1125 کروڑ کی ایم ڈی ایم اے ضبط

میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں اے ٹی ایس کے سپرنٹنڈنٹ سنیل جوشی نے کہا کہ گزشتہ 6 ماہ سے ہم اس جانکاری پر کام کررہے تھے کہ ساؤلی کی فیکٹری میں یہ ڈرگ بنائی جارہی ہے۔

احمدآباد: گجرات اے ٹی ایس(انسدادِ دہشت گردی دستہ) نے وڈودرہ (بڑودہ)میں ساؤلی کی ایک فیکٹری سے 225کیلو گرام ایم ڈی ایم اے ضبط کی ہے جس کی مالیت بین الاقوامی مارکٹ میں 1125 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔

چہارشنبہ کے دن احمدآباد میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں اے ٹی ایس کے سپرنٹنڈنٹ سنیل جوشی نے کہا کہ گزشتہ 6 ماہ سے ہم اس جانکاری پر کام کررہے تھے کہ ساؤلی کی فیکٹری میں یہ ڈرگ بنائی جارہی ہے۔

 ہم نے سورت سے مہیش ویشنو اور دنیش دھرو کو پکڑا تھا جنہوں نے دورانِ پوچھ تاچھ بتایا کہ ساؤلی کی فیکٹری میں منشیات کا ذخیرہ کیا جارہا ہے۔ سابق میں یہ دونوں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت گرفتار ہوئے تھے۔

مہیش کو بھاؤنگر میں کسٹمس نے اور دنیش دھرو کو ڈائرکٹوریٹ آف ریونیو انٹلیجنس(ڈی آر آئی) نے گرفتار کیا تھا۔ دونوں نے جیل سے باہر آنے کے بعد 2022میں پھر ڈرگ ریاکٹ شروع کردیا۔ مہیش مائع ایم ڈی ایم اے ڈرگ کا انتظام کرتا تھا جسے ساؤلی میں سکھایا اور پراسیس کیا جاتا تھا۔

 وڈودرہ میں بننے والی ڈرگس مہاراشٹرا اور راجستھان کی مارکٹ میں فروخت کی جاتی تھی۔ پولیس کوپتہ چلا ہے کہ ان دونوں کے دیگر 3 پارٹنرس راکیش مکانی‘ وجئے وسویا اور دلیپ وگھاسیہ ہیں۔

ساؤلی فیکٹری میں پراسیس ہونے والی ایم ڈی ایم اے جام نگر کا ابراہیم اور اس کا لڑکا بابا ابراہیم مہاراشٹرا کو سپلائی کرتے تھے۔ پولیس نے راجستھان کے سپلائر کا نام نہیں بتایا۔