شمالی بھارت

یوپی ریلوے اسٹیشن سے مغویہ شیرخوار‘بی جے پی لیڈرکے گھرسے برآمد

بی جے پی کی ونیتااگروال اوران کے شوہر نے مبینہ طورپر دوڈاکٹروں سے اس بچہ کو 1.8 لاکھ روپے کے عوض خریداتھاکیونکہ یہ جوڑا لڑکے کا متمنی تھا۔ یہ دونوں ڈاکٹر ایک بڑی گینگ کاحصہ ہیں۔

لکھنو: متھرا ریلوے اسٹیشن پرگذشتہ ہفتہ اپنی ماں کے بازوسوئے ہوئے ایک 7ماہ کے بچہ کو چرالیاگیاتھاجو تقریباً100کیلومیٹر دور فیروزآبادمیں ایک بی جے پی کارپوریٹرکے مکان سے برآمد ہوا۔ پولیس نے ایک ایسے ریاکٹ کوبے نقاب کیاہے جوایسے بچوں کا سرقہ کرتاہے اورانہیں فروخت کردیتاہے۔

 بی جے پی کی ونیتااگروال اوران کے شوہر نے مبینہ طورپر دوڈاکٹروں سے اس بچہ کو 1.8 لاکھ روپے کے عوض خریداتھاکیونکہ یہ جوڑا لڑکے کا متمنی تھا۔ یہ دونوں ڈاکٹر ایک بڑی گینگ کاحصہ ہیں۔

اس جوڑے کوپہلے سے ایک لڑکی ہے۔مجموعی طورپر8افراد کوگرفتار کرلیا گیاہے جن میں وہ شخص بھی شامل ہے جس کی تصاویرپلیٹ فارم سے بچہ کا سرقہ کرتے ہوئے سیکیوریٹی کیمرہ میں قید ہوگئی تھی۔

 متھرامیں ریلوے پولیس کی جانب سے منعقدہ ایک پریس کانفرنس کی تصاویرمیں دیکھاجاسکتاہے کہ متھرامیں پولیس ملازمین اس بچہ کواس کی ماں کے حوالے کررہے ہیں۔ ایک اورتصویرمیں پولیس کوڈاکٹروں کے قبضہ سے500روپے کے نوٹوں کی گڈیاں ضبط کرتے ہوئے دیکھاجاسکتا ہے۔

 سینئرپولیس عہدیدار محمدمشتاق نے بتایاکہ رقم کیلئے بچوں کواغوا کرنے میں ملوث ٹولی نے یہ جرم کیاتھا۔ مجموعی طورپر8افراد کوگرفتار کیاگیا ہے جن میں وہ شخص بھی شامل ہے جس نے بچہ کواٹھایاتھا۔

 محمدمشتاق نے اپنے بیان میں صحافیوں کوبتایاکہ بچہ کواٹھانے والے شخص دیپ کمارکاپتہ چلایاگیاہے۔ وہ اس ٹولی کاحصہ ہے جس میں دوڈاکٹربھی شامل ہیں جوپڑوسی ضلع ہاتھرس میں ایک ہاسپٹل چلاتے ہیں۔

اس میں دیگرہیلت ورکرس بھی شامل ہیں۔ہم نے ان لوگوں سے پوچھ تاچھ کی ہے جن کے گھر میں بچہ پایاگیا۔ انہوں نے ہمیں بتایاکہ ان کی صرف ایک دختر ہے، اسی لئے وہ ایک بچہ کے متمنی تھے۔ یہی وجہ تھی کہ انہوں نے یہ سوداکیا۔ گرفتارکارپوریٹریا بی جے پی کی طرف سے ابھی تک کوئی ردعمل موصول نہیں ہواہے۔23۔ اگست کی رات پیش آئے واقعہ کے فوٹیج میں ایک شخص کوبچہ کے قریب سے گزرتادیکھاجاسکتا ہے جواپنی ماں کے ساتھ سویاہواتھا۔ چند لمحوں بعد یہ شخص واپس آتاہے اوربچہ کواٹھاکر فرار ہوجاتاہے۔ سی سی ٹی وی کیمرہ میں دیکھاجاسکتاہے کہ وہ پلیٹ فارم پرٹھہری ہوئی ٹرین کی طرف دوڑرہاہے۔(بشکریہ این ڈی ٹی وی)