شمالی بھارت

آر جے ڈی وزرا کو تیجسوی یادو کی نصیحت

۔ تیجسوی یادو نے اپنے وزرا سے یہ بھی کہا کہ وہ کسی بھی ذات‘ نسل یا مذہب سے تعلق رکھنے والوں سے نرمی کا برتاؤ کریں۔ ضرورت مندوں کی فوری مدد کی جائے۔

پٹنہ: تنازعات سے بچنے ڈپٹی چیف منسٹر بہار تیجسوی پرساد یادو نے ہفتہ کے دن آر جے ڈی وزرا کو ہدایت دی کہ وہ عوامی زندگی میں اخلاقیات کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے نتیش کمار حکومت میں اپنی پارٹی کے وزرا کوجاری نوٹ میں بتایا کہ انہیں کیا کرنا ہے اور کیا نہیں کرنا ہے۔

 وزرا سے کہا گیا کہ وہ ورک کلچر کو بڑھاوا دیں۔ کام تیزی اور ایمانداری کے ساتھ ہو۔ آر جے ڈی وزرا کو چاہئے کہ وہ اپنے محکموں کے لئے نئی گاڑیاں خریدنے سے گریز کریں۔ سوشل میڈیا پر اپنے محکموں کی کارکردگی کے تعلق سے مثبت جانکاری عام کریں۔

 کسی عمررسیدہ ورکر یا پارٹی کے حامی کو پیر چھونے نہ دیں۔ اس کے بجائے پرنام‘ نمستے اور آداب کی روایت کو بڑھاوا دیا جائے۔ تیجسوی یادو نے اپنے وزرا سے یہ بھی کہا کہ وہ کسی بھی ذات‘ نسل یا مذہب سے تعلق رکھنے والوں سے نرمی کا برتاؤ کریں۔ ضرورت مندوں کی فوری مدد کی جائے۔ پھولوں کا گلدستہ پیش کرنے کے بجائے بطور احترام کتابیں اور پین پیش کئے جائیں۔