شمالی بھارت

اترپردیش میں صرف مخصوص مقامات پر قربانی کی اجازت

عید الاضحی سے پہلے یہاں کی پولیس مسلمانوں سے رجوع ہوئی ہے اور کہا ہے کہ وہ سوائے نامزد مقامات کے کسی کھلے مقام یا دوسرے مقام پر جانوروں کی قربانی سے گریز کریں۔

لکھنؤ: عید الاضحی سے پہلے یہاں کی پولیس مسلمانوں سے رجوع ہوئی ہے اور کہا ہے کہ وہ سوائے نامزد مقامات کے کسی کھلے مقام یا دوسرے مقام پر جانوروں کی قربانی سے گریز کریں۔

اس پابندی کے بارے میں بتانے کے لیے ریاست بھر میں مسلم قائدین کے ساتھ زائد از 6 ہزار میٹنگس منعقد کی گئیں۔ پولیس نے ایک بیان میں یہ بات بتائی۔

ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل (لاء اینڈ آرڈر) پرشانت کمار نے ہفتہ کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ یوپی کے تمام اضلاع میں پولیس اسٹیشن کی سطح پر امن کمیٹیوں کی 3010 میٹنگس منعقد کی گئیں۔

مقامی پولیس اور انتظامیہ نے مشترکہ طور پر ائمہ اور مذہبی رہنماؤں کے ساتھ 3,407 میٹنگیں منعقد کی ہیں۔ اس بیان میں برادری سے کہا گیا کہ وہ نظم و ضبط کی برقراری کے لیے اس بات کو یقینی بنائیں کہ ممنوعہ مویشیوں کی قربانی نہ کی جائے۔

28,260 مساجد اور عیدگاہوں پر پولیس عملہ تعینات کیا گیا ہے، جہاں عید کی نماز ادا کی جارہی ہے۔ ریاست بھر میں تین دن عیدالاضحی منائی جائے گی، جب کہ ضلع مؤ میں 4 دن منائی جائے گی، جس کا آغاز 10 جولائی سے ہوگا۔ ریاست بھر میں پولیس نے تہوار سے قبل سخت سیکوریٹی انتظامات کیے ہیں۔

ریاست بھر میں 2167 مقامات اور 1300 پولیس اسٹیشن فرقہ وارانہ طور پر حساس قرار دیئے گئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ پولیس کے بہتر انتظامات کے لیے ان پولیس اسٹیشنوں کو 2422 سیکٹرس میں تقسیم کیا گیا ہے، جن کے منجملہ فوری کارروائی کے لیے 1539 کوئک رسپانس ٹیمیں (کیو آر ٹی ایس) تعینات کی گئی ہیں۔ حساس مقامات پر پولیس پکٹ بھی بٹھائے گئے ہیں۔ حساس علاقوں اور راستوں پر UP112 گاڑیوں تعینات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔