شمالی بھارت

رائے گڑھ میں پل کے نیچے بم نما آلہ کو ناکارہ کردیا گیا

رائے گڑھ کے پین ٹاؤن میں ایک پل کے نیچے بم جیسا پراسرار آلہ برآمد ہوا جسے جمعہ کے دن بہ حفاظت ناکارہ کردیا گیا۔ مہاراشٹرا کے ساحلی ضلع میں اس واقعہ نے لوگوں کو پھر پریشان کردیا۔

رائے گڑھ: رائے گڑھ کے پین ٹاؤن میں ایک پل کے نیچے بم جیسا پراسرار آلہ برآمد ہوا جسے جمعہ کے دن بہ حفاظت ناکارہ کردیا گیا۔ مہاراشٹرا کے ساحلی ضلع میں اس واقعہ نے لوگوں کو پھر پریشان کردیا۔

پولیس کے بموجب مشتبہ آلہ جس میں 12جیلیٹن چھڑیاں‘ ایک ٹائمر اور الکٹرک سرکٹ سے جڑی تھیں‘ جمعرات کی شام 6 بجے کے آس پاس دریائے بھوگوتی پر بنے پل کے نیچے پایا گیا۔

مقامی لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑگئی۔ رائے گڑھ پولیس نے نوی ممبئی سے بم ڈٹیکشن اینڈ ڈسپوژل اسکواڈ (بی ڈی ڈی ایس) کو طلب کرلیا۔

بی ڈی ڈی ایس ٹیم نے قریب میں واقع ویران مقام پر لے جاکر جمعرات کی رات 2 بجے کے آس پاس اسے ناکارہ کردیا۔ اس نے جیلیٹن کی چھڑیوں کو الکٹرک سرکٹ سے جدا کردیا۔

بعدازاں سپرنٹنڈنٹ پولیس سومناتھ گھرگے نے سینئر عہدیداروں کے ساتھ وہاں پہنچنے کے بعد توثیق کی کہ یہ آلہ کسی ڈیٹونیٹر سے نہیں جڑا تھا۔ بطور احتیاط اسے فارنسک جانچ کے لئے بھیجا جائے گا۔ پولیس ٹیموں نے ایک مربع کیلو میٹر کے علاقہ کو کھنگالا۔