شمالی بھارت

سی بی آئی، ای ڈی اور آئی ٹی، بی جے پی کے 3 داماد: تیجسوی یادو

بہار کی نئی مہاگٹھ بندھن حکومت کی پیش کردہ تحریک اعتماد پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے تیجسوی نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ اس نے سوشلسٹ آئیڈیالوجی کو مٹانے چیف منسٹر نتیش کمار کی پارٹی کو ”توڑنے“ کی کوشش کی۔

پٹنہ: آر جے ڈی کے کئی قائدین پر چھاپوں سے چونک پڑے ڈپٹی چیف منسٹر بہار تیجسوی یادو نے چہارشنبہ کے دن انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی)‘ سنٹرل بیورو آف انوسٹیگیشن (سی بی آئی) اور انکم ٹیکس(آئی ٹی) کو 3 جمائی (داماد) قراردیا جنہیں بی جے پی ان ریاستوں کو بھیجتی ہے جہاں وہ برسراقتدار نہیں ہے۔

بہار کی نئی مہاگٹھ بندھن حکومت کی پیش کردہ تحریک اعتماد پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے تیجسوی نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ اس نے سوشلسٹ آئیڈیالوجی کو مٹانے چیف منسٹر نتیش کمار کی پارٹی کو ”توڑنے“ کی کوشش کی۔

تیجسوی نے کہا کہ میرے والد لالو پرساد یادو‘ ماں رابڑی دیوی‘ میری بہنیں اور میں سوشلزم کے پابند عہد ہونے کی قیمت چکارہے ہیں۔ چیف منسٹر اور میری آئیڈیالوجی ایک ہی ہے۔ بی جے پی والے وہ فصل نہیں کاٹ سکتے جو سوشلسٹوں نے بوئی ہے۔

آر جے ڈی قائد نے میڈیا کی اس رپورٹنگ پر بھی ناراضگی ظاہر کی کہ سی بی آئی نے گروگرام کے جس مال پر چھاپہ مارا وہ ان کا ہے۔ تیجسوی نے کہا کہ ان میڈیا آؤٹ لیٹس کو کچھ ریسرچ کرنی چاہئے۔ یہ مال ہریانہ میں رہنے والے کسی بندہ کا ہے اور اس کا افتتاح بی جے پی کے ایک رکن پارلیمنٹ نے کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ دہلی میں بیٹھے ہوئے ہیں وہ بہار کی اسپرٹ نہیں سمجھ سکتے۔ یہاں دھمکی کام نہیں کرتی۔ 3 دامادوں کو بھیجنا ہمیں ڈرا نہیں سکتا۔ بی جے پی بغیر دولہے کی بارات جیسی ہے۔ انہوں نے یہ ریمارک بظاہر بھگوا جماعت کی اس نااہلی پر کیا کہ وہ ابھی تک یہ طئے نہیں کرسکی کہ قائد اپوزیشن کون ہوگا۔

تیجسوی نے کہا کہ نتیش کمار نے جرأتمندانہ فیصلہ کیا اور ملک کے عوام کو امید کی نئی کرن دی۔ بی جے پی قائدین کو یاد رکھنا چاہئے کہ چیف منسٹر نتیش بابو کو سوشلسٹ کسی اور نے نہیں بلکہ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا تھا۔ آر جے ڈی قائد نے کہا کہ بی جے پی والو تم سب 2024 کے الیکشن کا سامنا کرنے سے خوفزدہ ہو کیونکہ بہار کی متحدہ اپوزیشن‘ بی جے پی کو شکست دے گی اسی لئے 3 جمائی یہاں بھیجے جارہے ہیں۔

جمائی کے باربار استعمال پر بی جے پی قائدین اپنی نشستوں سے اٹھ کھڑے ہوئے۔ ڈپٹی اسپیکر مہیشور ہزاری نے ان سے کہا کہ وہ رول بک دیکھیں گے اور اگر جمائی کی اصطلاح غیرپارلیمانی پائی گئی تو اسے ہذف کردیں گے۔ اسی دوران سی بی آئی نے چہارشنبہ کے دن 25 مقامات بشمول گروگرام میں زیرتعمیر ایک مال کی تلاشی لی۔ سمجھا جاتا ہے کہ یہ مال ڈپٹی چیف منسٹر بہار تیجسوی یادو کی ملکیتی فرم تعمیر کررہی ہے۔

تلاشیاں‘اراضی برائے نوکریاں اسکام کے سلسلہ میں لی گئیں۔ دہلی‘ گروگرام‘ پٹنہ‘ مدھوبنی اور کٹیہار میں تلاشیاں لی گئیں۔ گروگرام کے سیکٹر 71 میں اربن کیوبس مال وائٹ لینڈ کمپنی تعمیر کررہی ہے جس میں یادو خاندان کی حصہ داری ہے۔ تلاشی آپریشن اس دن چلایا گیا جس دن چیف منسٹر نتیش کمار نے ریاستی اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کا سامنا کیا۔ انہوں نے بی جے پی سے قطع تعلق کرکے آر جے ڈی سے ناطہ جوڑا اور بہار میں حکومت بنائی۔

آر جے ڈی کے کئی قائدین بشمول رکن قانون ساز کونسل سنیل سنگھ‘ ارکان راجیہ سبھا اشفاق کریم‘ فیاض احمد اور سابق رکن قانون ساز کونسل سبودھ رائے کے مکانوں کی تلاشی لی گئی۔ پٹنہ میں رکن قانون ساز کونسل سنیل سنگھ نے جو آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کے قریبی سمجھے جاتے ہیں‘ سی بی آئی چھاپے کو 100 فیصد سوچا سمجھا قراردیا۔