شمالی بھارت

شاہجہاں پور میں عبادت گاہوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا حکم

ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم / کلکٹر) شاہجہاں پور نے حکم دیا ہے کہ شہر میں تمام مذہبی مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگادیئے جائیں۔

شاہجہاں پور(یوپی): ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم / کلکٹر) شاہجہاں پور نے حکم دیا ہے کہ شہر میں تمام مذہبی مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگادیئے جائیں۔

2نومبر کو شاہجہاں پور کے کوتوالی علاقہ کی ایک مسجد میں قرآن مجید جلی ہوئی پائی گئی تھی جس پر لوگوں کی بڑی تعداد نے اجتجاج کیا تھا۔پولیس فوری حرکت میں آئی اور اس نے اگلی صبح تاج محمد کو گرفتار کرلیا۔

ضلع مجسٹریٹ اومیش پرتاپ سنگھ نے پیر کے دن پی ٹی آئی کو بتایا کہ انہوں نے جب مسجد کا معائنہ کیا تو پایا کہ وہاں ایک بھی کیمرہ لگا نہیں ہے۔

ملزم کو مسجد کے سامنے کی ایک دکان میں لگے کیمرہ کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پکڑا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں تمام بڑے مذہبی مقامات میں کیمرے نصب ہوں گے۔ چھوٹی عبادت گاہوں میں ان کی تنصیب بعد کے مرحلہ میں ہوگی۔