دہلی

بھارت جوڑو یاترا، مہنگائی سے آزاد کی جدوجہد ہے: راہول گاندھی

راہول گاندھی نے کہاکہ وزیر اعظم بننے سے پہلے مودی جی نے مہنگائی پر بڑی بڑی تقریریں کیں، جملے اچھالے، خواتین کو چولہے پرکھانا بناتے ہوئے دیکھ کر انہیں درد محسوس ہوتا ہے، یہ بتاکر وہ جذباتی بھی ہوئے، لیکن آج حقیقت کیا ہے۔

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے اتوار کو کہا کہ یاترا میں روزانہ ہزاروں لوگ حصہ لے رہے ہیں اوربھارت جوڑو یاترا میں شامل ہو کر مہنگائی سے آزادی کے لئے جدو جہد کررہے ہیں۔

گاندھی نے کہا کہ یاترا کے راستے میں جگہ جگہ لوگ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف بینر اورتختیاں ہاتھوں میں لے کر نعرے لگاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ ان میں ایل پی جی سلنڈر کے پوسٹر بنائے گئے ہیں، جس میں لکھا گیا ہے کہ یو پی اے حکومت کے دوران 410 روپے کا سلنڈر 1200 روپے کا ہو گیا ہے۔

ان تصاویر کو فیس بک پر پوسٹ کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے لکھا، "یہ تصاویرصرف کیرالہ کی ہی نہیں بلکہ پورے ملک کا درد بیاں کررہی ہیں۔ وزیر اعظم بننے سے پہلے مودی جی نے مہنگائی پر بڑی بڑی تقریریں کیں، جملے اچھالے، خواتین کو چولہے پرکھانا بناتے ہوئے دیکھ کر انہیں درد محسوس ہوتا ہے، یہ بتاکر وہ جذباتی بھی ہوئے، لیکن آج حقیقت کیا ہے۔

گزشتہ 8 برسوں میں 410 روپے کے سلنڈر کو 1100 اور کچھ ریاستوں میں اس سے بھی زیادہ قیمت کا کردیا۔ "لوگوں کو دو وقت پیٹ بھر کھانا بھی نصیب نہیں ہورہا ہے۔ غریب کی تو بات ہی چھوڑ دیجئے کیونکہ ویسے بھی راجہ کا اپنے امیر ’دوستو‘ کے آگے غریب عوام نظر ہی نہیں آتے۔”

مسٹر گاندھی نے مزید کہا، "جب سے ہماری بھارت جوڑو یاترا شروع ہوئی ہے، تب سے بی جے پی کے لوگ روز پوچھتے ہیں کہ کانگریس پارٹی بھارت جوڑو یاترا کیوں کر رہی ہے، اس کی کیا ضرورت ہے؟ میں بتاتا ہوں – یہ جولوگ تصویروں میں اپنا درد بیان کرتے ہوئے نظرآرہے ہیں، انہیں بی جے پی کے ’مہنگے دنوں‘ نے توڑ دیا ہے۔ یہ عام لوگ ہیں، یہ دن رات محنت کرتے ہیں، اپنا خون پسینہ ایک کرکے بمشکل اپنا خاندان چلاتے ہیں۔

 آج بی جے پی حکومت ان کے پاس جو کچھ تھا، وہ بھی چھیننے پر آمادہ ہے۔ چاہے وہ روزگار ہو یا ان کا سرمایہ۔ انہوں نے کہا، "اپنے ملک کے اسی عوام کی جدوجہد کی لڑائی لڑنے، ان کی آواز کو اس بہری حکومت تک پہنچانے کے لیے ہم بھارت جوڑو یاتر کررہے ہیں۔ جتنی بڑی تعداد میں لوگ ہماری اس یاترا کا حصہ بن رہے ہیں، یہ اتحاد اس مغرور حکومت کے تخت کو ہلا کر رکھ دے گی۔ مہنگائی سے ناطہ توڑو، بھارت جوڑو۔