شمالی بھارت

لکھنؤ کی لیوانہ سویٹ ہوٹل آتشزدگی، 2 افراد ہلاک

ہوٹل میں آگ لگنے کے بعد بجلی کاٹ دی گئی تھی۔ اس وجہ سے ہوٹل کے کمپیوٹر بند ہونے کی وجہ سے اس آتشزدگی میں ہلاک ہوئے لوگوں کی شناخت نہیں ہوپائی ہے۔

لکھنؤ: اترپردیش کی دارالحکومت لکھنؤ کے حضرت گنج میں واقع ہوٹل لیوانہ سویٹ میں پیر کی صبح آگ لگ گئی۔ اس میں ایک خاتون سمیت دو لوگوں کی موت ہوگئی جبکہ دیگر سات کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اسپتال پہنچ کر زخمیوں کا حال چال جانا اور واقعہ کے جانچ کا حکم دیا ہے۔اور افسران کو زخمیوں کی ہر ممکن علاج کی فراہمی کی ہدایت دی ہے۔

پولیس کے مطابق شہر کے مین بازار حضرت گنج تھانہ میں مہاتما گاندھی شاہراہ پر واقع ہوٹل لیوانہ سویٹ میں صبح کے وقت آگ لگ گئی۔ پولیس کے مطابق راحت اور بچاؤ کے کام کے دوران درجن سے زیادہ افراد کو ہوٹل سے باہر نکالا گیا ہے۔

ان میں سے نو زخمیوں کو سول اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ایک خاتون اور مرد کو مردہ قرار دے دیا۔اسپتال میں سات لوگوں کا علاج چل رہا ہے۔ اسپتال کے سینئر میڈیکل افسر نے بتایا کہ کہ دو لوگوں کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ہے۔

اس دوران نائب وزیر اعلی و میڈیکل وزیر برجیش پاٹھک نے بھی اسپتال جاکر زخمیوں سے ملاقات کی۔ پولیس نے آگ لگنے کی وجہ بجلی کا شارٹ سرکٹ ہونے کو بتایا ہے۔ پاٹھک نے بتایا کہ دو لوگوں کی موت ہوگئی اوردیگر سات کو آکسیجن سپورٹ پر رکھ کر علاج کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہوٹل میں آگ لگنے کے بعد بجلی کاٹ دی گئی تھی۔ اس وجہ سے ہوٹل کے کمپیوٹر بند ہونے کی وجہ سے اس آتشزدگی میں ہلاک ہوئے لوگوں کی شناخت نہیں ہوپائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹل کے کمپیوٹر جلد ہی کھولنے کی کوشش کی جارہی ہے جس سے متوفین اورزخمیوں کی پہچان کر کے ان کے اہل خانہ کو مطلع کیا جاسکے۔

وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے لیوانہ سویٹ میں آتشزدگی میں زخمی ہوئے لوگوں سے سول اسپتال میں ملاقات کر ان کا حال جانا اورجلد از جلد شفایابی کی آرزو کی۔ انہوں نے حادثے میں زخمی ہوئے سبھی لوگوں کا مفت علاج کرانے کے لئے متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے۔

ساتھ ہی وزیر اعلی یوگی نے اس آتشزدگی کی باریکی سے جانچ کرنے کے لئے لکھنؤ کے ڈویژنل کمشنر اور پولیس کمشنر کو ہدایت دی ہے۔ آگ لگنے کے کچھ دیر بعد ہی وزیر اعلی یوگی نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے زخمیوں کو فوری علاج کے لئے اسپتال پہنچانے کی ہدایت دی۔

وزیر اعلی دفتر سے جاری مختصر بیان کے مطابق یوگی نے ضلع انتظامیہ کے افسران کو زخمیوں کا مکمل علاج کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے ڈی ایم اور پولیس کے سینئر افسران کو موقع پر پہنچ کر راحت ورسانی کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی ہے۔