شمالی بھارت

مودی کی جانب سے طلب کردہ اجلاس میں ممتا بنرجی کی شرکت

چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے طلب کردہ اجلاس میں شرکت کریں گی، جو کہ 5 دسمبر کو منعقد ہونے والا ہے۔

کولکتہ: چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے طلب کردہ اجلاس میں شرکت کریں گی، جو کہ 5 دسمبر کو منعقد ہونے والا ہے۔

ریاستی سکریٹریٹ کے ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر مغربی بنگال اپنے دورہ دہلی کے موقع سے استفادہ کرتے وزیر اعظم سے علیحدہ طور پر ملاقات کریں گی، تاکہ ریاست کو درپیش مسائل اور مطالبات سے واقف کروایا جاسکے۔

اس موقع پر ممتا بنرجی ریاست کو مرکزی حکومت کی جانب سے بقایہ جات کی ادائیگی کی جانب بھی توجہ مبذول کروائیں گی، تاہم ریاستی سکریٹریٹ نے اس بات کی توثیق نہیں کی ہے کہ آیا وزیر اعظم نریندر مودی اور ممتا بنرجی میں علیحدہ طور پر ملاقات ہوگی یا نہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے 5 دسمبر کو چیف منسٹروں کا اجلاس طلب کیا ہے، تاکہ 2023ء میں ہونے والی G-20 چوٹی کانفرنس کی میزبانی سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے تبادلہئ خیال کیا جاسکے۔

دو ماہ قبل بھی ممتا بنرجی نے نئی دہلی کا دورہ کیا تھا اور اپنے ہم منصب اروند کجریوال سے علیحدہ طور پر ملاقات کی تھی۔ مرکزی حکومت کی جانب سے مغربی بنگال کو بقایہ جات کی ادائیگی کا مسئلہ درپیش ہے، جب کہ مرکزی حکومت کی اسکیمات کے تحت فنڈس کی اجرائی عمل میں لائی گئی ہے، لیکن ایم جی این آر ای جی اے کے بقایہ جات اب ابھی ادا شدنی ہیں۔

حال ہی میں منعقدہ اجلاس میں چیف منسٹر نے اس سلسلہ میں مرکزی حکومت کو توجہ مبذول کروائی تھی۔ جلسہ عام کو مخاطب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے وزیر اعظم سے کہا تھا کہ وہ مرکزی فنڈس کی عاجلانہ یکسوئی کو یقینی بنائیں۔ اگر ممتا بنرجی کو وزیر اعظم سے علیحدہ طور پر ملاقات کا موقع ملے تو اس تعلق سے توجہ مبذول کروائیں گی۔

دریائے گنگا کے پانی سے متعلق مشکلات سے بھی وہ توقع ہے کہ وزیر اعظم کو واقف کروائیں گی اور مغربی بنگال کے بعض اضلاع میں مذکورہ دریا کے پانی کی وجہ سے ہونے والی مشکلات سے بھی وزیر اعظم کو واقف کروائیں گی۔ چیف منسٹر نے حال ہی میں وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس مسئلہ کی مستقل طور پر یکسوئی کی جانب توجہ مبذول کروائی تھی۔