شمالی بھارت

پی ایف آئی کا آر ایس ایس سے تقابل‘ ایس ایس پی پٹنہ کو نوٹس

پٹنہ پولیس نے جمعرات کے دن ممنوعہ تنظیم پی ایف آئی سے مبینہ جڑے 3 افراد کو گرفتار کیا تھا۔ ڈھلون نے پی ایف آئی کا تقابل آر ایس ایس سے کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ جس طرح آر ایس ایس کی شاکھائیں چلتی ہیں اور اس کے کارکنوں کو ٹریننگ دی جاتی ہے۔

پٹنہ: سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) پٹنہ مانوجیت سنگھ ڈھلون کے متنازعہ بیان پر بہار پولیس نے انہیں نوٹس وجہ نمائی جاری کی اور اندرون 24 گھنٹے جواب مانگا۔ شوکاز نوٹس اے ڈی جی(لا اینڈ آرڈر) جتیندر سنگھ گنگوار نے جاری کی جس میں کہا گیا کہ ایس ایس پی کو واضح کرنا ہوگا کہ انہوں نے ایسا بیان کھلے عام کیوں دیا۔

 پٹنہ پولیس نے جمعرات کے دن ممنوعہ تنظیم پی ایف آئی سے مبینہ جڑے 3  افراد کو گرفتار کیا تھا۔ ڈھلون نے پی ایف آئی کا تقابل آر ایس ایس سے کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ جس طرح آر ایس ایس کی شاکھائیں چلتی ہیں اور اس کے کارکنوں کو ٹریننگ دی جاتی ہے اسی طرح پی ایف آئی مارشل آرٹس کے بھیس میں اپنے کارکنوں کو ہتھیار چلانے کی تربیت دے رہی ہے۔

 ان کے اس بیان پر بی جے پی قائدین ہری بھوشن ٹھاکر اور نکھل آنند نے تنقید کی تھی اور ان کی برطرفی کا مطالبہ کیا تھا۔ ہری بھوشن ٹھاکر نے کہا کہ ڈھلون کا دماغی توازن بگڑگیا ہے۔ بی جے پی نے ڈھلون کے متنازعہ بیان پر تنقید کی جبکہ اس کی حلیف ہندوستانی عوام مورچہ (ایچ اے ایم)‘ ایس ایس پی کے دفاع میں آگے آئی۔

ایچ اے ایم کے قومی ترجمان دانشور رضوان نے کہا کہ پٹنہ کے ایس ایس پی نے کہا کہ آر ایس ایس جس طرح شاکھائیں چلاتی ہے اسی طرح پی ایف آئی نوجوانوں کو ٹریننگ دے رہی ہے۔ ڈھلون نے کیا غلط کہا ہے؟۔ ڈھلون نے یہ تو نہیں کہا کہ آر ایس ایس عسکریت پسند تنظیم ہے۔