گجرات اسمبلی میں عمران کھیڑا والا واحد مسلم رکن

کانگریس کے عمران کھیڑا والا حالیہ اسمبلی انتخابات کے بعد گجرات کی 182 رکنی اسمبلی میں واحد مسلم قائد ہیں۔

احمد آباد: کانگریس کے عمران کھیڑا والا حالیہ اسمبلی انتخابات کے بعد گجرات کی 182 رکنی اسمبلی میں واحد مسلم قائد ہیں۔ ان انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی تھی۔

گزشتہ اسمبلی میں تین مسلم ارکانِ تھے اور ان تمام کا تعلق بھی کانگریس سے تھا۔ احمد آباد شہر کے جمال پور۔ کھڑیا اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے موجودہ رکن اسمبلی کھیڑا والا نے جمعرات کے روز 13658 ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی۔

انھوں نے اپنے قریبی حریف بی جے پی کے بھوشن بھٹ کو شکست دی ہے۔ یہ ایک مسلم اکثریتی علاقہ ہے، جہاں سے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے ریاستی صدر اور سابق رکن اسمبلی صابر کابلی والا بھی میدان میں تھے۔

کانگریس نے 6 مسلم امیدواروں کو میدان میں اتارا تھا، جن میں 3 موجودہ ارکانِ اسمبلی بھی شامل تھے۔ ان کے منجملہ پانچ امیدواروں بشمول دو ارکانِ اسمبلی کو شکست ہوئی۔ 2017ء میں اصل اپوزیشن جماعت کی جانب سے میدان میں اتارے گئے اقلیتی برادری کے 5 کے منجملہ 3 امیدوار کامیاب ہوئے تھے۔

گجرات میں مسلمانوں کی آبادی 10 فیصد ہے۔ کانگریس امیدوار اور سابق رکن اسمبلی غیاث الدین شیخ کو ضلع احمد آباد کے دریا پور اسمبلی حلقہ میں بی جے پی کے کوشک جین کے ہاتھوں شکست اٹھانی پڑی۔ اپوزیشن جماعت کے ایک اور رکن اسمبلی محمد جاوید پیر زادہ کو ضلع موربی کے وانکا نیر حلقہ سے بی جے پی امیدوار کے مقابلہ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

عام آدمی پارٹی کے امیدوار کو 53,110 ووٹ حاصل ہوئے اور انہوں نے پیرزادہ کی شکست میں اپنا حصہ ادا کیا۔ ضلع کچ کی ابداسا نشست پر کانگریس کے مسلم امیدوار جاٹ مامڑ جنگ کو بی جے پی امیدوار نے تقریباً 9 ہزار ووٹوں سے شکست دی۔

عام آدمی پارٹی نے 3 اسمبلی حلقوں جمال پور کھڑیا، دریا پور اور جمبو سار سے مسلم امیدواروں کو میدان میں اتارا تھا، لیکن کوئی بھی کامیاب نہیں ہوا۔ بی جے پی نے ایک بھی مسلمان کو امیدوار نہیں بنایا تھا۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے 12 امیدوار میدان میں تھے، لیکن ان تمام کو شکست ہوئی۔

2 مجلسی امیدواروں کو اپنے اپنے حلقوں میں تیسرا مقام حاصل ہوا۔ حالیہ مختتم انتخابات میں بی جے پی نے 156 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جو گجرات میں کسی پارٹی کو حاصل ہونے والی سب سے زیادہ نشستیں ہیں۔ کانگریس 17 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ 5 اسمبلی حلقوں میں عام آدمی پارٹی کو کامیابی ملی۔

...رشتوں کا انتخاب
...اب اور بھی آسان

لڑکی ہو یا لڑکا، عقد اولیٰ ہو یا عقد ثانی
اب ختم ہوگی آپ کی تلاش اپنے ہمسفر کی

آج ہی مفت رجسٹر کریں اور فری سبسکرپشن حاصل کرکے منصف میٹریمونی کے تمام فیچرس سے استفادہ کریں۔

آج ہی مفت رجسٹر کریں اور منصف میٹریمونی کے تمام فیچرس سے استفادہ کریں۔

www.munsifmatrimony.com

تبصرہ کریں

Back to top button