شمالی بھارت

گیان واپی مسجد کیس‘ درخواست گزار خاتون کے شوہر کو پاکستان سے دھمکی آمیز فون کالس

آریہ نے بتایا کہ اسے 19 مارچ کو بھی ایسی ہی فون کال موصول ہوئی تھی اور اس نے عہدیداروں کو اس کے بارے میں اطلاع دے دی تھی۔ اس نے بتایا کہ فون کرنے والے کی دھمکیوں سے وہ خوفزدہ نہیں ہے۔

وارانسی(اترپردیش): گیان واپی مسجد۔ شرنگار گوری کیس کی 5 خاتون درخواست گزاروں کے منجملہ ایک خاتون کے شوہر کو مبینہ طورپر ایک پاکستانی فون نمبر سے دھمکی آمیز فون کالس موصول ہورہی ہیں جن کے ذریعہ اسے درخواست واپس لینے کے لئے کہا جارہا ہے۔

 5 خواتین یہاں ایک عدالت سے رجوع ہوئی تھیں اور شرنگار گوری دیوی کی باقاعدہ پوجا کی اجازت طلب کی تھی جس کی تصویر مسجد کے عقب میں وشواناتھ مندر کے بازو لگی ہوئی ہے۔

سوہن لال آریہ نے بتایا کہ اسے 19 اور 20  جولائی کو دھمکی آمیز فون کالس موصول ہوئی تھیں۔ آریہ اپنی بیوی لکشمی دیوی اور وارانسی کی دیگر 3 خواتین کا نمائندہ ہے جبکہ پانچویں درخواست گزار کا تعلق دہلی سے ہے۔لکسا پولیس اسٹیشن میں اس کی شکایت کی بنیاد پر ایک کیس درج کرلیا گیا ہے۔

آریہ نے بتایا کہ اسے 19 مارچ کو بھی ایسی ہی فون کال موصول ہوئی تھی اور اس نے عہدیداروں کو اس کے بارے میں اطلاع دے دی تھی۔ اس نے بتایا کہ فون کرنے والے کی دھمکیوں سے وہ خوفزدہ نہیں ہے۔

 اسسٹنٹ پولیس کمشنر (دشوامیدھ) اودیش کمار پانڈے نے بتایا کہ آریہ کی سیکوریٹی پر 2پولیس ملازمین کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس معاملہ کی تحقیقات کی جائیں گی اور ضروری کارروائی کی جائے گی۔