شمالی بھارت

ایرلائن ملازمہ کی غلطی سے بھوپال ایرپورٹ پر دہشت

بھوپال کے راجہ بھوج انٹرنیشنل ایرپورٹ پر ایک ایرلائن کی خاتون ملازم نے ایک لفظ’’Ballast“ کو ”Blast“سمجھ لیااورفوری انتظامیہ کو چوکس کردیا۔

بھوپال: بھوپال کے راجہ بھوج انٹرنیشنل ایرپورٹ پر ایک ایرلائن کی خاتون ملازم نے ایک لفظ’’Ballast“ کو ”Blast“سمجھ لیااورفوری انتظامیہ کو چوکس کردیا۔

یہ واقعہ جمعرات کی صبح پیش آیا۔ ایر پورٹ حکام نے ایک بیان میں بتایاکہ صبح9:25 منٹ پر انڈیگو ٹکٹنگ کاؤنٹرپرایک کال موصول ہوئی جس میں آگرہ جانے والی پرواز 6E-7931میں ”Ballast“ (جہازکومتوازن کرنے والاوزنی سامان) کے بارے میں دریافت کیاگیاتھا۔

انڈیگوکے اسٹاف کے ایک رکن نے اسے ”Blast“ (دھماکہ)سنا۔اس نےBatc (بم کے خطرہ کاجائزہ لینے والی کمیٹی)کوطلب کرلیا۔کمیٹی نے معائنہ کرنے اور حقائق کاتجزیہ کرنے کے بعد اس فون کال کو غیراہم قراردیا۔

ایرپورٹ کے کارگزار ڈائرکٹرامرت مینج نے کہاکہ ایرپورٹ پر ایمرجنسی کا اعلان کردیاگیاتھا اورتمام سیکیوریٹی سسٹم کو ایکٹیوکردیا گیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ ایر پورٹ انتظامیہ مسافرین کوہونے والی زحمت اوربدبختانہ واقعہ کی وجہ سے پہونچنے والے نقصان پراظہارتاسف کرتاہے۔

ایر پورٹ کے ایک رکن عملہ نے جمعہ کے روز بتایاکہ فون کال ریسیوکرنے والی خاتون چند دن پہلے ہی نوکری پررجوع ہوئی تھی اوروہ لفظ”Ballast“ اور”Blast“کے درمیان فرق کو سمجھنے سے قاصر رہی جس کے نتیجہ میں یہ الجھن آمیزصورتحال پیداہوئی۔انہوں نے بتایاکہ یہ فون کال گڑگاؤں سے موصول ہوئی تھی۔