شمالی بھارت

بلقیس بانو کیس، 3 مسلم ارکان اسمبلی کا صدر جمہوریہ کو مکتوب

تینوں ارکان اسمبلی بشمول غیاث الدین شیخ، عمران کھیڑا والا اور جاوید پیرزادہ نے صدرجمہوریہ کو یہ مکتوب روانہ کیا ہے۔ شیخ نے آج یہ بات بتائی۔

احمدآباد: گجرات کانگریس کے تین ارکان اسمبلی نے صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے اور ان سے ریاستی حکومت کو یہ ہدایت دینے کی گزارش کی ہے کہ وہ 2002 کے بلقیس بانو کیس میں سزائے عمر قید کاٹ رہے 11 مجرموں کو رہا کرنے کا اپنا ”شرمناک فیصلہ“ واپس لے۔

 تینوں ارکان اسمبلی بشمول غیاث الدین شیخ، عمران کھیڑا والا اور جاوید پیرزادہ نے صدرجمہوریہ کو یہ مکتوب روانہ کیا ہے۔ شیخ نے آج یہ بات بتائی۔ ارکان اسمبلی نے اپنے مشترکہ مکتوب میں 11 مجرموں کی رہائی سے متعلق گجرات حکومت کے فیصلہ کو شرمناک، غیرحساس اور حصول انصاف کی جدوجہد کرنے والوں کیلئے مایوس کن قرار دیا۔

 شیخ نے ٹویٹر ہینڈل پر کہا کہ مرکزی حکومت نے یہ واضح ہدایت دی ہے کہ عمر قید کی سزا کاٹ رہے عصمت ریزی کے مجرموں کو معافی کی پالیسی کے تحت رہا نہ کیا جائے۔

اس کے باوجود گجرات حکومت نے بلقیس بانو اجتماعی عصمت ریزی کیس کے 11 مجرموں کی سزا معاف کرتے ہوئے اپنے غیرحساس ہونے کا مظاہرہ کیا ہے۔ حصول انصاف کیلئے جدوجہد کرنے والوں کیلئے یہ ایک مایوس کن فیصلہ ہے۔ اس مکتوب کی ایک کاپی شیخ کے ٹویٹر ہینڈل پر بھی پوسٹ کی گئی۔