شمالی بھارت

سہسرام۔نالندہ تشدد: سچائی بہت جلد سامنے آجائے گی: چیف منسٹر

سہسرام اور نالندہ میں تشدد کے ایک دن بعد چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے ہفتہ کے دن دعویٰ کیا کہ یہ امن درہم برہم کرنے کی منصوبہ بند سازش ہے۔ حکام ہر معاملہ کی تحقیقات کررہے ہیں اور عنقریب سچائی سامنے آجائے گی۔

پٹنہ: سہسرام اور نالندہ میں تشدد کے ایک دن بعد چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے ہفتہ کے دن دعویٰ کیا کہ یہ امن درہم برہم کرنے کی منصوبہ بند سازش ہے۔ حکام ہر معاملہ کی تحقیقات کررہے ہیں اور عنقریب سچائی سامنے آجائے گی۔

نتیش کمار نے کہا کہ ہم نے بہار میں ایسے واقعات پہلے کبھی نہیں دیکھے۔ اب ایسا کیوں ہورہا ہے؟ بعض لوگوں نے امن درہم برہم کرنے کی دانستہ سازش کی ہے۔ میں نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ ان واقعات کی ہر زاویہ سے تحقیقات کی جائیں اور خاطیوں کا پتہ چلایا جائے۔

ہم بہار میں ایسے واقعات کو برداشت نہیں کریں گے۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا بہا رمیں نظم وضبط کی صورتِ حال ابتر ہورہی ہے‘ نتیش کمار نے جواب دیا کہ بہار میں لا اینڈ آرڈر کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ یہ تکلیف دہ واقعہ ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی سہسرام ریالی منسوخ ہونے پر اپنے ردعمل میں نتیش کمار نے کہا کہ امیت شاہ‘ ملک کے وزیر داخلہ ہیں اور وہ کہیں بھی آ جاسکتے ہیں‘ ہمیں اعتراض کیوں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کا آنا یا نہ آنا ان کا اپنا فیصلہ ہے۔ مجھے اس کا پتہ ہے۔

میں یہ یقینی بننا چاہتا ہوں کہ بہار میں نظم وضبط کا کوئی مسئلہ پیدا نہ ہو۔ ہر معاملہ کی تحقیقات ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نالندہ واقعہ کا پتہ جمعہ کی شام 6 بجے چلا۔ ہم نے فوری حکام کو معاملہ کی تحقیقات کی ہدایت دے دی۔

اسی دوران جنتادل یو کے رکن قانون ساز کونسل اور پارٹی کے ترجمان ِ اعلیٰ نیرج کمار نے بہار بی جے پی صدر سمراٹ چودھری کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سمراٹ چودھری کو چاہئے کہ وہ ان بی جے پی ورکرس کے نام اور موبائل نمبر بتائیں جن پر سہسرام میں بم پھینکا گیا۔ قبل ازیں سمراٹ چودھری نے دعویٰ کیا تھا کہ ریاستی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے سہسرام میں تشدد برپا ہوا۔