شمالی بھارت

مشنری اسکول مہر بند کردیا گیا۔ شراب اور مانع حمل اشیاء برآمد

مدھیہ پردیش کے ضلع مورینا میں ایک مشنری اسکول کو بند کردیا گیا، جہاں اچانک معائنہ کے دوران پرنسپل کے کمرہ سے مانع حمل اشیاء اور شراب برآمد ہوئی ہیں۔

بھوپال: مدھیہ پردیش کے ضلع مورینا میں ایک مشنری اسکول کو بند کردیا گیا، جہاں اچانک معائنہ کے دوران پرنسپل کے کمرہ سے مانع حمل اشیاء اور شراب برآمد ہوئی ہیں۔ ریاستی کمیشن برائے تحفظ ِ حقوقِ اطفال(ایس سی پی سی آر) نے ہفتہ کے روز یہ معائنہ کیا تھا۔

کمیشن کی ایک ٹیم کو بستر، شراب، مانع حمل اشیاء، انڈوں کی کشتیاں اور گیس سلنڈرس دستیاب ہوئے ہیں۔ ایس سی پی سی آر کی ایک رکن نیبی دیتا شرما نے بتایا کہ میں نے وہاں گیس سلنڈر اور دیگر قابل اعتراض اشیاء دیکھی ہیں، جن میں شراب کی بوتلیں بھی شامل ہیں۔

پولیس اس سارے معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس معاملہ کو ضلع کلکٹر کے علم میں لایا گیا ہے۔ اسکول کے پرنسپل کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے اور تفصیلی تحقیقات جاری ہیں۔

شرما نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ جب ہم وہاں معمول کے معائنہ کے لیے پہنچے تو ہمیں یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ اسکول کے دونوں سرے اندر سے جڑے ہوئے تھے۔ وہاں ایک کمرہ تھا اور اس کے اندر شراب کی بوتلیں اور کنڈوم پائے گئے۔ یہ پوری طرح ایک رہائشی سیٹ اپ معلوم ہورہا تھا۔

یہ کسی ایک شخص کی ملکیت نہیں تھا۔ عمارت سے کئی لوگ برآمد ہوئے، جو وہاں مقیم تھے۔ اسے ایک قیام کی جگہ کے طور پر استعمال کیا جارہا تھا۔ شرما نے کہا کہ اس کمرہ میں کم از کم 15 بستر تھے اور وہاں کوئی سی سی ٹی وی کیمرہ بھی نہیں تھا۔