شمالی بھارت

نتیش کمار یوپی سے لوک سبھا الیکشن لڑیں گے

لکھنؤ۔: یوپی میں برسراقتدار بی جے پی کی طرف سے اس خبر پر سخت رد عمل آیا ہے کہ سماج وادی پارٹی نے چیف منسٹر بہار نتیش کمار کو ریاست کے 2024 کا لوک سبھا الیکشن لڑنے کی دعوت دی ہے۔

ڈپٹی چیف منسٹر کیشوپرساد موریہ نے کہاکہ نتیش کمار کیلئے یوپی میں کوئی چانس نہیں۔ نتیش کمار اپنے بل بوتے پر 2 نشستیں جیت پاتے ہیں۔ ان کی نشستیں، بی جے پی کی تائید سے الیکشن لڑنے کے بعد بڑھیں لیکن اب مودی کے چہرہ کے بغیر یوپی اور بہار میں تک کوئی چانس نہیں۔ وہ اپنا اکاؤنٹ(کھاتہ) نہیں کھول پائیں گے۔

جنتا دل یو نے اشارہ دیا تھا کہ نتیش کمار کو مرزاپور لوک سبھا نشست یا پھول پور نشست کے الیکشن لڑنے کی دعوت دی گئی ہے، جہاں کُرلی ذات کے لوگوں کی قابل لحاظ آبادی ہے۔ مرزا پور نشست فی الحال مرکزی وزیر اور اپنادل سربراہ انوپریہ پٹیل کے پاس ہے۔

اپنا دل کرمیوں کی پارٹی ہے اور بی جے پی کی حلیف ہے۔ پھول پور نشست 2019 میں بی جے پی کی کیشری دیوی پٹیل نے جیتی تھی۔ غور طلب ہے کہ کیشوپرساد موریہ نے 2014 میں پھول پور لوک سبھا نشست جیتی تھی۔ بی جے پی پہلی مرتبہ یہاں کامیاب ہوئی تھی۔

اُنہوں نے ڈپٹی چیف منسٹر بننے کے بعد یہ نشست خالی کردی تھی۔ نتیش کمار اور موریہ دونوں اوبی سی کی قائد ہیں۔ نتیش کمار نے جب سے بی جے پی سے ناطہ توڑ کر راشٹریہ جنتادل کے ساتھ مل کر بہار میں حکومت بنائی بی جے پی نتیش کمار کو نشانہ بنارر ہی ہے۔